ایم ایل ون منصوبہ سے ملک کا صنعتی شعبہ ترقی کرے گا اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے،وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سی پیک کے تحت ایم ایل ون منصوبہ سےمتعلق جائزہ اجلاس

اسلام آباد۔28دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے سی پیک ایم ایل ون منصوبے کو پاک-چین دوستی کی شاندار مثال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبے سے ملک میں بین الاقوامی معیار کا جدید مواصلاتی ڈھانچہ تیار ہوگا ، ایم ایل ون منصوبہ سے ملک کا صنعتی شعبہ ترقی کرے گا اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو سی پیک …

اسلام آباد۔28دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے سی پیک ایم ایل ون منصوبے کو پاک-چین دوستی کی شاندار مثال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبے سے ملک میں بین الاقوامی معیار کا جدید مواصلاتی ڈھانچہ تیار ہوگا ، ایم ایل ون منصوبہ سے ملک کا صنعتی شعبہ ترقی کرے گا اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو سی پیک کے تحت ایم ایل ون منصوبہ سےمتعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی، ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن، چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ، سیکرٹریز ریلوے، اقتصادی امور، خزانہ، منصوبہ بندی ڈویژن اور سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو ایم ایل ون منصوبے پر پیشرفت سے متعلق بریفنگ دی گئی ۔ وزیراعظم نے منصوبہ پر اب تک کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے سی پیک ایم ایل ون منصوبے کو پاک-چین دوستی کی ایک شاندار مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے پاکستان میں بین الاقوامی معیار کا جدید کمیونیکیشن انفراسٹرکچر قائم ہوگا ، ایم ایل ون منصوبہ ملکی صنعت کی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرے گا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ اس منصوبے سے پاکستانی بندرگاہوں کے زمینی رابطے مربوط ہونے سے پاکستان کی برآمدات بروقت عالمی منڈیوں میں پہنچ سکیں گی جس سے قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوگا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سی پیک منصوبوں میں ایم ایل ون سب سے خطیر لاگت کا منصوبہ ہے جس سے پاک چین تعلقات میں ایک نئے باب کا اضافہ ہوگا۔ وفاقی وزیرِ ریلوے نے وزیرِ اعظم کو پاکستان ریلوے کی طرف سے ایم ایل ون منصوبہ کے انٹیگریشن پلان کے حوالے سے آگاہ کیا۔