ایندھن کے عالمی بحران پر قابو نہ پانے کی صورت میں تقریباً تمام ممالک کا جی ڈی پی سکڑ جائے گا، میاں زاہد حسین

اسلام آباد۔2اکتوبر (اے پی پی):نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین اور پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م کے صدر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ اگر ایندھن کے عالمی بحران پر قابو نہ پایا گیا تو اس سے دنیا کے تقریباً تمام ممالک کا جی ڈی پی سکڑ جائے گا، غربت بڑھے گی اور ماحولیات کا شعبہ بھی متاثر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ایندھن کے عالمی …

اسلام آباد۔2اکتوبر (اے پی پی):نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین اور پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م کے صدر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ اگر ایندھن کے عالمی بحران پر قابو نہ پایا گیا تو اس سے دنیا کے تقریباً تمام ممالک کا جی ڈی پی سکڑ جائے گا، غربت بڑھے گی اور ماحولیات کا شعبہ بھی متاثر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ایندھن کے عالمی بحران کی وجہ سے دنیا بھر میں گیس، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے تاہم سب سے زیادہ اضافہ کوئلے کی قیمت میں ہو رہا ہے جس سے اس دم توڑتی ہوئی صنعت کو نئی زندگی مل گئی ہے۔

میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کوئلے کی قیمت دگنی ہو گی ہے اور اسکی مانگ بھی مسلسل بڑھ رہی ہے جس سے پاکستان سمیت ساری دنیا بجلی، دھاتوں، سمینٹ ، کیمیکلز ، کاغذ، شیشے، ٹیکسٹائل اورکاٹن فائبر وغیرہ کی پیداوار مہنگی ہونے سے ان اشیاء کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ 196 ممالک اور تنظیموں نے 2015 میں پیرس ایگریمنٹ پر دستخط کئے تھے جس کے مطابق موسمیاتی تغیر کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے کوئلے اور تیل کے استعمال کو بتدریج کم کرنا تھا اور متبادل توانائی کے استعمال کو بڑھانا تھا مگر موجودہ صورتحال میں تمام صنعتی ممالک نے اپنی پیداوار قائم رکھنے اور عوام کو موسم سرما میں حرارت پہنچانے کے لئے اس معاہدہ کو پس پشت ڈال دیا ہے اور کوئلہ پر سرمایہ کاری نہ کرنے کا عہد بھی توڑ دیا ہے۔

میاں زاہد حسین نے مزید کہا کہ ایندھن کے بحران کی وجہ سے پاکستان میں سب سے زیادہ سیمنٹ کی صنعت متاثر ہونے کا خدشہ ہے جس سے سیمنٹ کی پیداواری لاگت بھی بڑھ جائے گی، تعمیراتی سرگرمیوں کو دھچکہ لگنے کا خدشہ ہے، سیمنٹ کی مانگ اور پیداوار میں بھی کمی آئے گی اور سیمنٹ کے شعبہ میں سرمایہ کاری بھی متاثر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال نجی اور سرکاری شعبہ کے منصوبوں کے لئے تشویشناک ہے۔

مزید خبریں