اسلام آباد۔21دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ این آر او پر کسی صورت بات نہیں ہوگی، اپوزیشن اپنی کرپشن بچانے کے لئے نیب قوانین میں ترامیم چاہتی ہے، نواز شریف کو پاکستان واپس لانے کے لئے مشاورت کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ …
این آر او پر کسی صورت بات نہیں ہوگی، اپوزیشن اپنی کرپشن بچانے کے لئے نیب قوانین میں ترمیم چاہتی ہے، معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد۔21دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ این آر او پر کسی صورت بات نہیں ہوگی، اپوزیشن اپنی کرپشن بچانے کے لئے نیب قوانین میں ترامیم چاہتی ہے، نواز شریف کو پاکستان واپس لانے کے لئے مشاورت کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ انتخابی اصلاحات اور دیگر کسی بھی قومی معاملہ پر بات چیت کے لئے تیار ہیں لیکن حکومت کی پی ڈی ایم کے ساتھ این آر او پر کسی قسم کی کوئی بات نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اپنی کرپشن بچانے کے لئے نیب قوانین میں ترامیم چاہتی ہے، فیٹف کے معاملے پر اپوزیشن نے نیب کے حوالے سے ترامیم کا مسودہ تھما دیا، اپوزیشن کی جانب سے تجویز کردہ 38 میں سے 34 ترامیم نیب سے متعلق تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے نیب قانون کی عملداری 1999ء سے کرنے کا مطالبہ پیش کیا، 1999ء کا مطلب یہ تھا کہ جتنی کرپشن کی گئی تھی وہ ساری حلال ہو جاتی، اپوزیشن کی جانب سے تجویز پیش کی گئی کہ ایک ارب سے کم کرپشن پر نیب کارروائی نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپوزیشن کی نیب قوانین میں ترامیم کے حوالے سے تجویز کو مسترد کر دیا اور وزیراعظم عمران خان نے واضح کہا ہے کہ احتساب کے عمل پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور این آر او پر کسی صورت کوئی بات نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف اپوزیشن والے این آر او مانگتے ہیں اور دوسری طرف فوج کو کہتے ہیں کہ آپ اپنا کردار ادا کریں، اپوزیشن قومی اداروں کے خلاف بغاوت پر اتر آئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ نواز شریف کو پاکستان واپس لانے کے لئے مشاورت کر رہے ہیں۔








