نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے )کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے 18سے23 مئی کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں متوقع موسمی صورتحال کا جائزہ جاری کر دیا ہے۔
این ای اوسی کا 18سے23 مئی تک ملک کے مختلف علاقوں میں متوقع موسمی صورتحال کا جائزہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔16مئی (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے )کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے 18سے23 مئی کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں متوقع موسمی صورتحال کا جائزہ جاری کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے میڈیا ونگ کے مطابق موجودہ صورتحال نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) کی جانب سے 3 سے 4 ماہ قبل جاری موسمی جائزہ کے عین مطابق ہے۔ این ای او سی کی جانب سے ماہ اپریل تا جون کی ممکنہ موسمی صورتحال کا جائزہ پہلے ہی جاری کیا جا چکا ہے۔ملک میں جاری موسمی صورتحال این ای او سی کی جانب سے جاری پیشگی الرٹس کے عین مطابق ہے۔
ہفتہ وار متوقع موسمی صورتحال کے حوالہ سے این ای او سی کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں 19 سے 22 مئی کے دوران بارش، آندھی اور کہیں کہیں ژالہ باری کا امکان ہے۔ راولپنڈی، اسلام آباد، مری، اٹک، چکوال، لاہور، سیالکوٹ، قصور، ملتان اور گردونواح میں بارش متوقع ہے۔بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 19 سے 22 مئی کے دوران تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔ کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن اور خضدار متاثرہ علاقوں میں بارش جبکہ بلوچستان کے دیگر اضلاع میں مجموعی طور پر گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے ۔سندھ بھر میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان، جبکہ درجہ حرارت میں مسلسل اضافے کی پیشگوئی کی ھئی ہے۔
اسی طرح خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش، آندھی اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔چترال، سوات، پشاور، بنوں، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور لنڈی کوتل کے علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مختلف مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔ گلگت، اسکردو، ہنزہ، استور، مظفرآباد، نیلم ویلی، باغ اور کوٹلی کے علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کی متوقع صورتحال کے مطابق خیبر پختونخواہ،بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ گلگت، اسکردو، ہنزہ، نگر، غذر، دیامر، استور، گانچھے، شگر، کھرمنگ، مظفرآباد، نیلم ویلی، باغ، راولاکوٹ، کوٹلی، میرپور اور بھمبر میں گرخ چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا ہ میں چترال، دیر، سوات، کالام، مالاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، نوشہرہ، مردان، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ این ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ عوام شدید گرمی یا شدید بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ تیز ہواؤں اور شدید بارش کے دوران کمزورتنصیبات اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں۔خطرے سے دوچار علاقوں کے مکین مقامی انتظامیہ اور موسمی ایڈوائزری پر عمل کریں۔عوام بروقت معلومات کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے رہنمائی لیں۔این ڈی ایم اے تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی تیاری یقینی بنانے کے لئے متوقع موسمی خطرات کے حوالے سے بر وقت آگاہی یقینی بنا رہا ہے۔








