پاکستان کی مسلح افواج کا یومِ استحصال کشمیرکے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے بہادر، ثابت قدم اور حوصلہ مند عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ

پاکستان کی مسلح افواج کا یومِ استحصال کشمیرکے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے بہادر، ثابت قدم اور حوصلہ مند عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ

راولپنڈی 5اگست (اے پی پی):چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر،پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف،پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھواور پاکستان کی مسلح افواج نے یومِ استحصال کشمیر کے موقع پربھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر کے بہادر، ثابت قدم اور حوصلہ مند عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔

منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر ) سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج ایک بار پھر کشمیری عوام کی اس جائز جدوجہد کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتی ہیں، جس کا مقصد بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق اپنے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کا حصول ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر پر بھارتی سکیورٹی فورسز کا مسلسل غیر قانونی قبضہ، فوجی محاصرہ، انسانی حقوق کی سنگین اور وسیع پیمانے پر خلاف ورزیاں اور علاقے کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششیں شدید تشویش کا باعث ہیں۔

ایسے اقدامات ،اشتعال انگیز بیانات اور جارحانہ طرزِ عمل نہ صرف خطے میں عدم استحکام کو بڑھاتے ہیں بلکہ انسانی مصائب میں بھی اضافہ کرتے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ یہ حقیقت بالکل واضح ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کا انحصار مسئلہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پُرامن حل پر ہے، جو کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔پاکستان کے عوام اور مسلح افواج بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور کشمیری عوام کی آزادی کی جائز اور برحق جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

مزید خبریں