ترک کلب ترابزون سپور کی محمد صلاح سے بات چیت شروع، فری ایجنٹ کے طور پر معاہدے کا امکان
ترک کلب ترابزون سپور کی محمد صلاح سے بات چیت شروع، فری ایجنٹ کے طور پر معاہدے کا امکان

مزید خبریں
استنبول ۔5اگست (اے پی پی):ترکی کے معروف فٹ بال کلب ترابزون سپور نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے مصر کے 34 سالہ سٹار فارورڈ محمد صلاح کے ساتھ معاہدے کے لیے باضابطہ مذاکرات کا آغاز کر دیا ہے۔بی بی سی کے مطابق لیورپول کے سابق فارورڈ گزشتہ سیزن کے اختتام پر کلب چھوڑنے کے بعد بطور فری ایجنٹ ترابزون سپور کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔
ترابزون سپور کے جاری کردہ بیان کے مطابق محمد صلاح جلد استنبول پہنچیں گے جس کے بعد وہ ترابزون منتقل ہوں گے جہاں ان کا پرجوش استقبال کیا جائے گا۔محمد صلاح 2017 میں روما سے لیورپول منتقل ہوئے تھے اور اپنے 9 سالہ شاندار کیریئر کے دوران انہوں نے انگلش کلب کے لیے 442 میچز میں 257 گول کیے اور 120 اسسٹ فراہم کیے۔ اس دوران انہوں نے 2 پریمیئر لیگ ٹائٹلز، چیمپئنز لیگ اور کلب ورلڈ کپ سمیت متعدد ٹرافیاں جیتیں۔ صلاح 4 بار پریمیئر لیگ گولڈن بوٹ بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔ ترابزون سپور ترک سپر لیگ کے 7 ٹائٹل جیت چکا ہے اور محمد صلاح کی شمولیت سے کلب کو مزید تقویت ملنے کی توقع ہے۔







