این سی سی آئی اے کی مختلف شہروں میں کارروائیاں؛ بچوں کے آن لائن استحصال اور خاتون کو ہراساں کرنےمیں ملوث ملزمان گرفتار

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے ملک کے مختلف شہروں میں سائبر جرائم کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے کمسن بچوں کے آن لائن جنسی استحصال اور خاتون کو ہراساں کرنے میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا

اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے ملک کے مختلف شہروں میں سائبر جرائم کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے کمسن بچوں کے آن لائن جنسی استحصال اور خاتون کو ہراساں کرنے میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ آن لائن فراڈ کا شکار ہونے والی ایک خاتون کی ساڑھے 8 لاکھ روپے کی رقم بھی ریکور کرا لی گئی ہے۔ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق لاہور میں نیشنل سینٹر فار مسنگ اینڈ ایکسپلوئٹڈ چلڈرن کی جانب سے موصول ہونے والی سائبر ٹِپ لائن رپورٹس پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم سوشل میڈیا ویڈیو کالز کے ذریعے کمسن بچوں کو قابلِ اعتراض مواد تیار کرنے پر مجبور کرتا اور ریکارڈنگ کے ذریعے بلیک میل کرتا تھا جس کے قبضے سے برآمد ہونے والے موبائل فون اور لیپ ٹاپ سے ڈیجیٹل شواہد ملے ہیں۔

ادھر گوجرانوالہ میں ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر کی زیر نگرانی کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا جس پر خاتون کی مبینہ قابلِ اعتراض اور ترمیم شدہ تصاویر واٹس ایپ اور ٹک ٹاک کے ذریعے شیئر کرنے اور ہراساں کرنے کا الزام ہے۔ ملزم کے قبضے سے ایک موبائل فون تحویل میں لے کر متعلقہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور ڈیجیٹل شواہد برآمد کر لئے گئے ہیں۔دوسری جانب کراچی میں این سی سی آئی اے کی ٹیم نے آن لائن مالی فراڈ کی شکایت پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ خاتون کی 8 لاکھ 50 ہزار روپے کی رقم ریکور کروا کے واپس دلوا دی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی نے واضح کیا ہے کہ بچوں کے استحصال اور خواتین کو آن لائن ہراساں کرنے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے جبکہ شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ اور رقوم کی واپسی ادارے کی اولین ترجیح ہے۔

 

مزید خبریں