:کم ترقی یافتہ علاقوں کے مسائل سے متعلق سینیٹ کی ذیلی کمیٹی نے بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں، آبی وسائل اور وفاقی اداروں میں صوبائی ملازمتوں کے کوٹے پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا ہے
کم ترقی یافتہ علاقوں کے مسائل سے متعلق سینیٹ کی ذیلی کمیٹی کااجلاس، بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں، آبی وسائل اور وفاقی اداروں میں صوبائی ملازمتوں کے کوٹے پر عملدرآمد کا جائزہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):کم ترقی یافتہ علاقوں کے مسائل سے متعلق سینیٹ کی ذیلی کمیٹی نے بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں، آبی وسائل اور وفاقی اداروں میں صوبائی ملازمتوں کے کوٹے پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا ہے۔ کنوینر سینیٹر جان محمد بلیدی کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہونے والے اجلاس میں پنجگور اور گیش کور ڈیمز کے ڈیزائن اور مقامی آبادی، زرعی اراضی و روایتی آبپاشی نظام پر ان کے ممکنہ اثرات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، سینیٹر سید کاظم علی شاہ اور رکن قومی اسمبلی پھلین بلوچ سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں وفاقی وزارتوں اور خودمختار اداروں میں بلوچستان کے مختص کوٹے پر عملدرآمد کا جائزہ لیتے ہوئے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے اعتراف کیا کہ صوبے کے ملازمین کا دستیاب ریکارڈ مکمل نہیں تاہم وزیراعظم کی ہدایت پر ڈیٹا ازسرنو مرتب کیا جا رہا ہے۔ کمیٹی نے گریڈ 1 سے 5 اور گریڈ 6 سے 16 تک کی تقرریوں اور خالی آسامیوں کی جامع تقابلی رپورٹ طلب کر لی جبکہ سینیٹر جان محمد بلیدی نے بالخصوص مختص 5 ہزار آسامیوں کی مکمل تفصیلات بھی مانگ لیں۔
حکام نے مزید بتایا کہ 10 سے 14 سال تک وفاقی اداروں میں ڈیپوٹیشن پر تعینات رہنے والے صوبائی افسران جن میں محکمہ تعلیم کے پروفیسرز اور لیکچررز بھی شامل تھے، کو ان کے آبائی محکموں میں واپس بھیج دیا گیا ہے تاکہ صوبے میں خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا تعطل ختم ہو سکے۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اجلاس کو بتایا کہ مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے تناسب سے ترقیاتی بجٹ (پی ایس ڈی پی) کا حصہ 2018ء کے 2.6 فیصد کے مقابلے میں انتہائی کم رہ گیا ہے تاہم ان مالی مشکلات کے باوجود بلوچستان کے لیے تقریباً 200 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جو پنجاب کے ترقیاتی بجٹ سے بھی زیادہ ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 400 ارب روپے سے زائد لاگت کے حامل این-25 منصوبے کو دو سال میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ آبی وسائل اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق کمیٹی کی تمام تجاویز کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔کمیٹی اراکین جان محمد بلیدی اور پھلین بلوچ نے پنجگور ڈیم کی مجوزہ نہروں سے کھجور کے باغات، زرعی زمینوں اور مقامی روزگار کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان اور تخمینہ لاگت میں فرق پر سوالات اٹھاتے ہوئے بڑے ڈیموں کے بجائے چھوٹے ڈیم تعمیر کرنے کی تجویز دی۔
اس پر پراجیکٹ ڈائریکٹر نے بریفنگ میں بتایا کہ شمسی توانائی سے پانی نکالنے کے باعث پنجگور کی 118 میں سے 72 روایتی کاریزیں پہلے ہی متاثر ہو چکی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ 25 ہزار ایکڑ اراضی کو سیراب کرنے والے 33 میٹر بلند پنجگور ڈیم کے ڈیزائن میں تبدیلی کرتے ہوئے اب کھلی نہروں کے بجائے پائپ لائن سسٹم کو حتمی شکل دے دی گئی ہے تاکہ کھجور کے درختوں اور زرعی اراضی کو بچایا جا سکے جس کی لاگت کے تخمینے کے لیے چین سے رپورٹ کا انتظار ہے جبکہ وزارت منصوبہ بندی نے بھی ڈیزائن کے ازسرنو جائزے کی یقین دہانی کرائی ہے۔علاوہ ازیں کمیٹی نے گیش کور ڈیم کے منصوبے کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ اس سے منسلک زرعی اراضی سرے سے موجود ہی نہیں۔ کمیٹی نے واپڈا سے ڈیم کی فیزیبلٹی رپورٹ اور اس امر کی تفصیلی وضاحت طلب کر لی ہے کہ اس منصوبے سے ڈائون سٹریم میں کیچ کور کی زراعت اور میرانی ڈیم کو جانے والے پانی میں کتنی کمی واقع ہوگی۔ اجلاس کے اختتام پر کمیٹی نے زور دیا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور مقامی آبادی کے مفادات و روایتی آبپاشی نظام کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے۔








