این ڈی ایم اےکے زیر اہتمام اقتصادی تعاون تنظیم کا 2 روزہ وزارتی اجلاس شروع ہو گیا

اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):پاکستان کے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے زیر اہتمام اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک کا آفات کے خطرات کے تدارک (ڈی آر آر) سے متعلق 10واں وزارتی اجلاس وفاقی دارالحکومت میں شروع ہو گیا، یہ اپنی نوعیت کا پہلا اجلاس ہے جس کی میزبانی پاکستان کر رہا ہے۔دو روزہ اجلاس کا آغاز بدھ کو این ڈی ایم اے …

اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):پاکستان کے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے زیر اہتمام اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک کا آفات کے خطرات کے تدارک (ڈی آر آر) سے متعلق 10واں وزارتی اجلاس وفاقی دارالحکومت میں شروع ہو گیا، یہ اپنی نوعیت کا پہلا اجلاس ہے جس کی میزبانی پاکستان کر رہا ہے۔دو روزہ اجلاس کا آغاز بدھ کو این ڈی ایم اے ہیڈ کوارٹرز میں اعلیٰ سطحی ورکنگ گروپ کی میٹنگ سے ہوا۔ اس اہم اجلاس میں پاکستان، ترکیہ، ایران، آذربائیجان، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کے وزراء، اعلیٰ حکام اور عالمی شراکت دار شرکت کر رہے ہیں۔ اجلاس کے پہلے روز وزارتی اجلاس کی صدارت باضابطہ طور پر این ڈی ایم اے پاکستان کے سپرد کر دی گئی اور مشترکہ ایجنڈے کی منظوری دی گئی۔

چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے آفات اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے پیشگی آگاہی کے فعال نظام کی اہمیت پر زور دیا۔اجلاس کے دوران این ڈی ایم اے نے اپنے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹرکو خطے کے لئے مشترکہ پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کرنے کی پیشکش کی۔رکن ممالک نے آفات سے نمٹنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت پر مبنی لائحہ عمل اپنانے پر اتفاق کیا۔ تمام ممالک میں مشترکہ تربیتی پروگراموں، مشقوں اور معلومات کے تبادلے کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ تمام اقدامات کو عالمی معیار کے ‘سینڈائی فریم ورک’ سے ہم آہنگ کرنا اجلاس کے ایجنڈے کا اہم حصہ ہے۔

اجلاس میں ای سی او کے علاقائی لائحہ عمل 2025 تا 2030 پر تفصیلی مشاورت کی گئی اور نویں وزارتی اجلاس کے بعد ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ پاکستان کی جانب سے خطے میں آفات کے تدارک کے لئے ایک عالمی معیار کے جدید سینٹر کے قیام کی تجویز بھی پیش کی گئی۔اجلاس کے پہلے روز ‘قراردادِ اسلام آباد’ کے مسودے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جسے (کل) جمعرات 22 جنوری کو وزارتی اجلاس میں حتمی منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا۔یہ اجلاس موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے نمٹنے اور علاقائی سطح پر پاکستان کے قائدانہ کردار کو اجاگر کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔