این ڈی ایم اے نے گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بلوچستان میں ممکنہ بارش اور برف باری کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا

اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این او ای سی) نے گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بلوچستان میں ممکنہ بارش اور برف باری کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا۔ این او ای سی کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران وقفہ وقفہ سے بارش متوقع ہے جبکہ ژوب، قلعہ سیف اللہ، زیارت، پشین، کوئٹہ اور …

اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این او ای سی) نے گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بلوچستان میں ممکنہ بارش اور برف باری کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا۔ این او ای سی کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران وقفہ وقفہ سے بارش متوقع ہے جبکہ ژوب، قلعہ سیف اللہ، زیارت، پشین، کوئٹہ اور گردونواح میں بھی بارش کا امکان ہے۔الرٹ کے مطابق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برف باری متوقع ہے۔

سکردو، ہنزہ، غذر، استور، دیامر اور شگر میں بارش اور برف باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ برف باری کے دوران پہاڑی علاقوں میں سڑکوں پر پھسلن کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ممکنہ صورتحال کے پیش نظر شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ پہاڑی علاقوں میں سفر کے دوران محتاط رہیں اور حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔ پرانے اور کمزور ٹائروں کے ساتھ گاڑی کو پہاڑی علاقوں میں ہرگز نہ لے کر جائیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ اگر برف باری کے دوران سفر ناگزیر ہو تو سنو چین، اضافی فیول اور دیگر ضروری سامان کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔

این ڈی ایم اے نے ممکنہ متاثرہ علاقوں میں سفر کے دوران انتظامیہ کے ساتھ تعاون، جاری ہدایات پر عمل اور موسمی صورتحال سے باخبر رہنے پر زور دیا ہے۔ موسمی صورتحال اور ممکنہ خطرات کے پیش نظر صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ این ڈی ایم اے کا این ای او سی صورتحال کی مسلسل نگرانی اور ممکنہ خطرات سے متعلق پیشگی آگاہی اور متعلقہ اداروں کو ضروری معلومات کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے۔