این ڈی ایم اے کی یکم تا 7 جون کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ موسمی صورتحال کے حوالے سے جائزہ رپورٹ جاری

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) نے یکم تا 7 جون کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ موسمی صورتحال کے حوالے سے جائزہ رپورٹ جاری کر دی ہے۔

اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) نے یکم تا 7 جون کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ موسمی صورتحال کے حوالے سے جائزہ رپورٹ جاری کر دی ہے۔پیر کواین ڈی ایم اے سے جاری بیان کے مطابق آئندہ ہفتے کے دوران ملک کے جنوبی اور مشرقی علاقوں میں ہوائوں کے دو الگ سلسلے داخل ہوں گے،کمزور مرطوب ہوائوں کا سلسلہ جنوبی اور مشرقی علاقوں میں جبکہ مغربی ہوائوں کا سلسلہ ملک کے شمالی علاقوں میں اثر انداز ہو گا۔یکم جون کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے۔

پنجاب کے مختلف علاقوں بشمول گلیات، خطہ پوٹھوہار،رحیم یار خان اور راجن پور کے علاقوں میں بارش متوقع ہے۔شمالی بلوچستان میں بارکھان اور کوہلو کے علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔2 جون کو دن میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ شام کے اوقات میں پنجاب اور بلوچستان کے علاقوں میں بارش متوقع ہے،2 جون کی شام لاہور، سیالکوٹ، گجرات، پوٹھوہار اور شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔3 اور 4 جون کے دوران شمالی بلوچستان، جنوبی پنجاب اور شمالی علاقہ جات میں موسم ابر آلود رہے گا۔

بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب کے علاقوں میں گرمی کی شدت میں مسلسل اضافے کا امکان ہے۔بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر، خطہ پوٹھوہار اور مشرقی پنجاب میں 5 تا 7 جون گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔شمالی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں پانی کے بہائو میں اضافے کا خدشہ ہے۔این ڈی ایم اے الرٹ کے مطابق گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں گلیشیائی جھیلوں کے سیلاب (گلاف) کا خطرہ برقرار ہے۔شسپر، گلکن، درکوٹ، ریشن، بدسوات اور دیگر گلیشیائی علاقوں کو حساس قرار دے دیا گیا۔

بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور سفری مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔بلوچستان، خیبرپختونخوا، کشمیر اور پنجاب کے جنگلات میں آتشزدگی کے خطرات میں اضافہ متوقع ہے۔این ڈی ایم اے نے کہا کہ سیاح شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں، جنگلات میں آگ جلانے اور جلتے سگریٹ پھینکنے سے گریز کریں۔

این ڈی ایم اے نے ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی الرٹ جاری کر دیا۔نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر ملک بھر میں موسم، سیلاب، گلاف اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔عوام بروقت معلومات اور الرٹس کے لیے ’’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ‘‘ ایپ استعمال کریں۔