"ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد میں چھٹی ای کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس کی سربراہی ہسپتال ڈائریکٹر کرنل (ر) ڈاکٹر سجاد احمد آفریدی نے کی۔”
ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد میں چھٹی ای کھلی کچہری

مزید خبریں
ایبٹ آباد۔ 18 اگست (اے پی پی):ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد میں چھٹی ای کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ ای کھلی کچہری کی سربراہی ہسپتال ڈائریکٹر کرنل (ر) ڈاکٹر سجاد احمد آفریدی نے کی۔
اس موقع پر میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران خان، نرسنگ ڈائریکٹر مہتاب سکندر اور مختلف شعبوں کے سربراہان بھی موجود تھے۔ ایوب ٹیچنگ ہسپتال کے آفیشل فیس بک پیج پر ایک گھنٹے تک ای کھلی کچہری براہِ راست نشر کی گئی جہاں عوام نے کمنٹ سیکشن کے ذریعے ہسپتال سے متعلق اپنے سوالات، تجاویز اور مسائل انتظامیہ کے سامنے پیش کیے۔ انتظامیہ کی جانب سے عوامی سوالات کے تفصیلی جوابات دیئے گئے اور متعلقہ امور پر ضروری رہنمائی بھی فراہم کی گئی۔ اس موقع پر بورڈ آف گورنرز کے وژن، عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی اور موجودہ انتظامیہ کی جانب سے ہسپتال میں جاری مختلف ترقیاتی، انتظامی اور عوامی فلاحی اقدامات سے بھی عوام کو آگاہ کیا گیا۔ ای کھلی کچہری کا بنیادی مقصد عوام اور ہسپتال انتظامیہ کے درمیان براہِ راست اور موثر رابطے کو فروغ دینا ہے، تاکہ شہری بلاواسطہ اپنے سوالات، شکایات اور تجاویز انتظامیہ تک پہنچا سکیں۔ اس اقدام سے نہ صرف عوامی مسائل کی نشاندہی میں مدد ملتی ہے بلکہ ان کے بروقت ازالے اور ادارے میں شفافیت و جوابدہی کے عمل کو بھی مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق عوامی رائے اور تجاویز کو ادارے کی بہتری کے لیے اہمیت دی جاتی ہے جبکہ ای کھلی کچہریوں کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ مریضوں اور ان کے لواحقین کو مزید بہتر، شفاف اور عوام دوست سہولیات فراہم کی جا سکیں۔








