ایٹمی حملے کی دھمکی،اقوام متحدہ اور بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی اسرائیل کے خلاف کارروائی کریں، ایران

تہران۔7نومبر (اے پی پی):ایران نے غزہ پر ایٹمی بم گرانے بارے اسرائیلی وزیر ثقافت کے بیانات کے بعد اقوام متحدہ سے فوری طور پر کارروائی کرنے پر زور دیا ہے۔ سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ حسن امیر عبداللہیان نے گزشتہ روز ٹویٹ میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کو جوہری ہتھیاروں سے غیر …

تہران۔7نومبر (اے پی پی):ایران نے غزہ پر ایٹمی بم گرانے بارے اسرائیلی وزیر ثقافت کے بیانات کے بعد اقوام متحدہ سے فوری طور پر کارروائی کرنے پر زور دیا ہے۔ سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ حسن امیر عبداللہیان نے گزشتہ روز ٹویٹ میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کو جوہری ہتھیاروں سے غیر مسلح کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کو اس نسل پرست اور وحشی حکومت کو غیر مسلح کرنے کے لیے فوری اور مستقل کارروائی کرنی چاہیے۔ انہوں نے امریکا کوغزہ میں نسل کشی کا مکمل ذمہ دار قرار دیا۔جہاں تک اسرائیلی وزیر امیچائی الیاہو کی غزہ میں ایٹم بم استعمال کرنے کی دھمکی کا تعلق ہے، انہوں نے فلسطینی دھڑوں کے حوالے سے کہا کہ یہ بیانات مزاحمت کے سامنے ان کی حکومت کی حقیقی شکست کو ظاہر کرتے ہیں۔

ادھر، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کی طرف سے لاحق جوہری خطرےکو مدنظر رکھے۔انھوں نے اس خطرے کے حوالے سے جوہری ہتھیاروں کے استعمال پر پابندی بارے مغربی ممالک کی خاموشی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ مغربی دعویدار برسوں سے خیالی اور جھوٹے خطرے سے لڑ رہے ہیں لیکن انہیں اصل خطرہ نظر آ رہا ہے اور انہوں نے اب تک کوئی کارروائی نہیں کی۔