فیصل آباد میں مبینہ پولیس مقابلہ، 40 سے زائد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ ڈاکو ہلاک

سی سی ڈی پولیس کے ساتھ مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 40 سے زائد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ خطرناک ڈاکو ہلاک ہوگیا

فیصل آباد۔ 11 ستمبر (اے پی پی):سی سی ڈی پولیس کے ساتھ مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 40 سے زائد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ خطرناک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ملزم اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوا اور ہسپتال منتقل کیے جانے کے دوران دم توڑ گیا جبکہ فرار ہونے والے دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ فیصل آباد پولیس حکام کے مطابق سی سی ڈی پولیس کے ساتھ مبینہ پولیس مقابلے میں 40 سے زائد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ ڈاکو نعمان عرف نومی ولد رمضان، سکنہ 455 گ ب تاندلیانوالہ، ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق انچارج سی سی ڈی سرکل لائل پور ٹاؤن انسپکٹر حسن صدیق چیمہ، انچارج اقبال ٹاؤن سب انسپکٹر علی اکرام گورایہ اور انچارج سرکل مدینہ ٹاؤن انسپکٹر سید ارم رضا شاہ دمڑ فلور مل چوک کے قریب موجود تھے کہ پروکیانوالہ سے جھگیاں روڈ کی جانب آنے والے چار مسلح ملزمان نے پولیس ٹیم کو دیکھتے ہی مبینہ طور پر فائرنگ کردی۔

پولیس کے مطابق جوابی فائرنگ کے دوران ملزمان اور پولیس کے درمیان دوطرفہ فائرنگ ہوئی، جس کے نتیجے میں 40 سے زائد وارداتوں کا ریکارڈ رکھنے والا ملزم نعمان عرف نومی شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر شہریوں کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے کی متعدد وارداتوں میں ملوث اور تھانہ جھنگ بازار، سمن آباد، فیکٹری ایریا، رضا آباد، بٹالہ کالونی اور صدر سمیت مختلف علاقوں میں ریکارڈ یافتہ تھا۔ پولیس نے ہلاک ملزم کی لاش تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کردی ہے جبکہ مبینہ مقابلے کے بعد فرار ہونے والے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔