ایچ آئی وی،ایڈز کے خاتمے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں،وفاقی وزیر صحت

ایچ آئی وی،ایڈز کے خاتمے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں،وفاقی وزیر صحت

اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت انسداد ایچ آئی وی،ایڈز کے لیے جوائنٹ ورکنگ گروپ کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں ایچ آئی وی کی مجموعی صورتحال، انسداد ایچ آئی وی پروگرام پر عملدرآمد اور نگرانی کے نظام کا جائزہ لیا گیا۔کامن مینجمنٹ یونٹ کے سربراہ میجر جنرل (ر) اظہر محمود کیانی اجلاس میں شریک ہوئے۔ چاروں صوبوں کے سیکرٹریز ہیلتھ اور نمائندوں سمیت تمام صوبائی ہیلتھ کیئر کمیشنز کے نمائندگان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں وزیراعظم ٹاسک فورس کی منظور شدہ سفارشات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ پنجاب اور سندھ ہیلتھ کیئر کمیشنز نے انسداد ایچ آئی وی،ایڈز کے حوالے سے جاری اقدامات اور پیش رفت پر فورم کو بریفنگ دی۔یو این ڈی پی نے بھی انسداد ایچ آئی وی،ایڈز کے لیے جاری آگاہی مہم کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دی۔وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایچ آئی وی کے خاتمے کے لیے علاج کے ساتھ پریوینٹیو ہیلتھ اور موثر آگاہی پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ ایچ آئی وی کے پھیلائو کی روک تھام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ محکموں کے ساتھ موثر رابطہ ضروری ہے۔

انہوں نے وزارت تعلیم کے تعاون سے انفیکشن پریوینشن اینڈ کنٹرول اور عطائیت کے خاتمے کو نصاب کا حصہ بنانے کی ہدایت بھی کی۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزیراعظم ٹاسک فورس کی سفارشات اور تجاویز پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ایچ آئی وی،ایڈز کے خاتمے کے لیے موثر اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ قومی صحت تحفظ ہیلپ لائن 1166 پر کال کر کے ایچ آئی وی سے متعلق علاج اور دیگر ضروری معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔میجر جنرل (ر) اظہر محمود کیانی نے تمام ہیلتھ کیئر کمیشنز کو ہدایت کی کہ فیلڈ میں معائنہ اور نگرانی کا موثر نظام یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کیئر کمیشنز ایچ آئی وی،ایڈز کے خاتمے کے لیے کیے گئے فیصلوں اور کارروائیوں پر موثر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

مزید خبریں