صدر آصف علی زرداری سے لبنا نی وزیر داخلہ احمد الحجار کی ملاقات، سکیورٹی اور قانون کے نفاذ کے شعبوں میں دونوں ممالک کے مابین تعاون کو مضبوط بنانے پر زور
صدر آصف علی زرداری سے لبنا نی وزیر داخلہ احمد الحجار کی ملاقات، سکیورٹی اور قانون کے نفاذ کے شعبوں میں دونوں ممالک کے مابین تعاون کو مضبوط بنانے پر زور

مزید خبریں
اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور لبنان کے درمیان تعلقات بالخصوص داخلی سلامتی، قانون نافذ کرنے اور انسدادِ منشیات کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔ ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار صدر مملکت نے لبنان کے وزیر داخلہ و بلدیات احمد الحجار سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔
انہوں نے لبنان کی خودمختاری، آزادی، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی اصولی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشیدگی میں کمی، پائیدار امن اور تنازعات کے حل کے لیے سفارتی کوششوں، مذاکرات اور بین الاقوامی قانون کے مطابق اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔صدر مملکت نے لبنان اور وسیع تر مشرق وسطیٰ میں جاری عدم استحکام اور کشیدگی، بالخصوص اس کے انسانی اور سلامتی کے اثرات پر تشویش کا اظہار کیا۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے جرائم کے معاملات میں حوالگی اور باہمی قانونی معاونت میں مزید تعاون کی تلاش کی ضرورت پر زور دیا، نیز آفات کے لیے تیاری، ہنگامی ردعمل، شہری تلاش اور بچائو، ہنگامی مواصلات اور انسانی لاجسٹکس میں مہارت کے تبادلے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ رابطہ پاکستان-لبنان تعاون کو نئی رفتار فراہم کرے گا اور پائیدار تعاون کے لیے مضبوط بنیاد قائم کرے گا۔
لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار نے لبنان کے لیے پاکستان کی حمایت اور خطے میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان خاص طور پر سکیورٹی اور قانون نافذ کرنے کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ لبنانی وزیر کے ہمراہ پاکستان میں لبنان کے سفیر عبدالعزیز عیسیٰ، میجر جنرل رائد عبداللہ، ڈائریکٹر جنرل، داخلی سکیورٹی فورسز اور بریگیڈیئر جنرل سامی ناصف، بریگیڈیئر جنرل محمود کبروسلی بھی تھے۔ اس موقع پر وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وزیر مملکت برائے داخلہ و انسداد منشیات سینیٹر طلال چوہدری اور سینیٹر سلیم منڈوی والا بھی موجود تھے۔







