ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ریونیو ہری پور کا مہاجر کیمپس کا دورہ

"افغان شہریوں کے انخلا سے متعلق حکومتی احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے مہاجر کیمپس کا دورہ کیا گیا”

ہری پور۔ 16 جولائی (اے پی پی):ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ریونیو ہری پور نے افغان شہریوں کے انخلا سے متعلق جاری حکومتی احکامات پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کیلئے مہاجر کیمپس کا دورہ کیا۔

ترجمان ڈپٹی کمشنر ہری پور کے مطابق ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ریونیو نے دن بھر کیمپس میں موجود رہ کر افغان شہریوں کی وطن واپسی کیلئے جاری انتظامات اور کارروائیوں کی نگرانی کی۔ اس دوران متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ اور مکمل ہم آہنگی برقرار رکھی گئی تاکہ انخلا کا تمام عمل پرامن، منظم اور قانون کے مطابق مکمل کیا جا سکے۔ افغان شہریوں کے سامان اور سفری انتظامات کا جائزہ لیا گیا جبکہ وطن واپسی کیلئے مختص گاڑیوں میں سامان کی منتقلی اور مسافروں کو سوار کرنے کے عمل کی بھی نگرانی کی گئی۔ اس امر کو یقینی بنایا گیا کہ تمام افغان شہریوں کو عزت، احترام اور باوقار طریقہ سے روانہ کیا جائے اور انہیں دوران سفر کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔