"کشمیر کی آزادی کی جدوجہد صرف سیاسی تحریک نہیں بلکہ بے شمار خاندانوں کی قربانیوں کی داستان ہے، مشعال ملک”
مشعال ملک کا حریت رہنما الطاف وانی کے والد کے انتقال پرتعزیت کا اظہار

مزید خبریں
اسلام آباد۔16جولائی (اے پی پی):حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے حریت رہنما الطاف وانی کے والد کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد صرف ایک سیاسی تحریک نہیں بلکہ بے شمار خاندانوں کی قربانیوں کی داستان ہے۔
یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ایسے ہزاروں کشمیری خاندان ہیں جنہوں نے پاکستان سے اپنی محبت، نظریاتی وابستگی اور تحریکِ آزادی کے لئے اپنے پیاروں سے جدائیاں برداشت کیں،آج بھی بہت سے خاندانوں کے افراد جموں و کشمیر، آزاد کشمیر اور پاکستان کے مختلف علاقوں میں بٹے ہوئے ہیں مگر ان کے دل ایک ہی مقصد کے لئے دھڑکتے ہیں۔مشعال حسین ملک نے کہا کہ الطاف وانی جیسے حریت رہنماؤں کے خاندانوں نے بھی اس جدوجہد میں بڑی قربانیاں دی ہیں، اپنے پیاروں سے دور رہ کر بھی انہوں نے کشمیر کی آزادی اور پاکستان سے وابستگی کے عزم کو کمزور نہیں ہونے دیا۔انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور الطاف وانی سمیت تمام اہل ِخانہ کے لئے صبرِ جمیل کی دعا کی۔







