ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر عبدالرحمن خان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسدادِ ڈینگی کا اجلاس
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر عبدالرحمن خان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسدادِ ڈینگی کا اجلاس
مزید خبریں
راولپنڈی۔ 13 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر کمپلیکس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر عبدالرحمن خان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسدادِ ڈینگی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ صحت، بلدیاتی اداروں، تعلیم، لائیو سٹاک، زراعت، ماحولیات، ریسکیو 1122 سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور ضلع بھر میں انسدادِ ڈینگی کے حوالے سے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران ڈینگی کی موجودہ صورتحال، ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی، ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس، لاروا تلفی مہم، صفائی ستھرائی کے انتظامات اور عوامی آگاہی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر نے ہدایت کی کہ تمام محکمے باہمی رابطہ اور مؤثر کوآرڈینیشن کے ذریعے انسدادِ ڈینگی مہم کو مزید فعال بنائیں اور فیلڈ سرگرمیوں میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ قبرستانوں، کباڑ خانوں، تعمیراتی مقامات، ٹائر شاپس، نرسریوں، سرکاری و نجی عمارتوں اور دیگر حساس مقامات کی باقاعدہ نگرانی کی جائے تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش کے امکانات کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ شہریوں میں احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی کو مزید فروغ دیا جائے تاکہ عوام بھی اس قومی مہم میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر عبدالرحمن خان نے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام صرف سرکاری اداروں کی نہیں بلکہ پوری معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ تمام محکمے حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں سرانجام دیں اور روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ ایکٹیویٹیز کی مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں تاکہ ضلع کو ڈینگی سے محفوظ رکھا جا سکے۔اجلاس کے اختتام پر متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی کہ انسدادِ ڈینگی مہم کے اہداف کے حصول کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائی جائے، بین الادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے اور عوامی صحت کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔







