لاہور میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر بڑے پیمانے پر انفورسمنٹ مہم جاری ہے، جس کے دوران شہریوں کو قوانین کی پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایک ہفتے میں مجموعی طور پر 17 ہزار 348 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی ،ترجمان
لاہور۔4مئی (اے پی پی):لاہور میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر بڑے پیمانے پر انفورسمنٹ مہم جاری ہے، جس کے دوران شہریوں کو قوانین کی پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ترجمان کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مجموعی طور پر 17 ہزار 348 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔
خطرناک ڈرائیونگ پر 7 ہزار 188 موٹر سائیکلوں کو تھانوں میں بند کر دیا گیا، جبکہ لین لائن کی خلاف ورزی پر 4 ہزار 132 ڈرائیورز کے خلاف ایکشن لیا گیا۔ٹریفک بہا ئومیں خلل ڈالنے والے 78 موٹر سائیکل سواروں اور 87 کم عمر ڈرائیورز کو چالان جاری کیے گئے۔ اسی طرح ون وے کی خلاف ورزی پر 1 ہزار 224 موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کارروائی کی گئی، جبکہ ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کرنے والے 213 افراد کو بھی جرمانے کیے گئے۔
مزید برآں بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والے 4 ہزار 910 افراد کو چالان ٹکٹ جاری کیے گئے۔حکام کے مطابق ماڈل روڈز پر سیف سٹی کیمروں اور لائیو مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ خلاف ورزیوں کی بروقت نشاندہی کی جا سکے۔سی ٹی او سید عبدالرحیم شیرازی نے ڈویژنل ایس پیز اور سرکل افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ خود نگرانی میں کریک ڈاون کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری ٹریفک قوانین کی پابندی کریں تاکہ شہر میں ٹریفک کے نظام کو بہتر اور محفوظ بنایا جا سکے۔









