ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی سی سی کا فیڈرل بورڈ کے امتحانی مرکز ڈیرہ مراد جمالی کا دورہ، انتظامات کا جائزہ
ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی سی سی کا فیڈرل بورڈ کے امتحانی مرکز ڈیرہ مراد جمالی کا دورہ، انتظامات کا جائزہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔16اپریل (اے پی پی):انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن ( آئی بی سی سی) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام علی ملاح نے ڈیرہ مراد جمالی میں فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (ایف بی آئی ایس ای) کے قائم کردہ امتحانی مرکز کا دورہ کیا تاکہ جاری امتحانی انتظامات کا جائزہ لیا جا سکے۔
دورہ کے دوران ڈاکٹر ملاح نے سہولیات کا معائنہ کیا، جس میں نشستوں کے انتظامات، سکیورٹی اقدامات، امتحانی مواد کی دستیابی اور مجموعی انتظامی امور شامل تھے۔ انہوں نے امتحانی عملے اور متعلقہ حکام سے بھی ملاقات کی اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
ڈاکٹر ملاح نے شفافیت، نظم و ضبط اور سازگار ماحول کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے امتحانات کے منصفانہ اور ہموار انعقاد کو یقینی بنانے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔
انہوں نے مقامی انتظامیہ اور امتحانی عملے کی کاوشوں کو سراہا جنہوں نے علاقائی چیلنجز کے باوجود بہترین انتظامات کیے۔انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر ملاح نے کہا کہ اس مرکز پر فراہم کی جانے والی سہولیات حکام کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہیں کہ بلوچستان کے طلبہ کو سہولت فراہم کی جائے اور انہیں مساوی تعلیمی مواقع مہیا کیے جائیں۔ انہوں نے عملے کو اعلیٰ معیار برقرار رکھنے کی تلقین کی اور طلبہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔








