اے این ایف کارروائیاں، 53 لاکھ روپے مالیت کی 72.92 کلوگرام منشیات برآمد ، خاتون سمیت 3 ملزمان گرفتار

اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے کارروائیوں میں 53 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 72.92 کلوگرام منشیات برآمد کرکے خاتون سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

اسلام آباد۔28مارچ (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے کارروائیوں میں 53 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 72.92 کلوگرام منشیات برآمد کرکے خاتون سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ترجمان اے این ایف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کارروائیوں کے دوران چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں واقع کورئیر آفس میں یو کے سے آنے والے پارسل سے 2 گرام کوکین برآمد کرلی۔کراچی ایئرپورٹ پر کورئیر آفس میں یو اے ای جانے والے پارسل سے پیپرز میں جذب 790 گرام کینابس برآمد کرلی۔

یارو پشین کے قریب گاڑی سے 48 کلو گرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ موسیٰ کالونی کوئٹہ بس سٹاپ کے قریب خاتون کے قبضےسے 12 کلو گرام چرس برآمد کرکے ملزمہ کو گرفتار کرلیا۔یارو پشین کے قریب ایک اور کارروائی کے دوران گاڑی سے 8 کلو گرام چرس برآمد کرلی۔کیماڑی کراچی میں ملزم کے قبضے سے 3.300 کلو گرام چرس برآمد ہوئی۔کارروائیوں کا انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔