اے ڈی پورٹس گروپ کارگو ہینڈلنگ چارجز کو معقول بنائے، ، جنید انوار چوہدری

اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے اے ڈی پورٹس گروپ پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بندرگاہ کے آپریشنز کو مزید کاروبار دوست اور مسابقتی بنانے کے لئے ٹرمینل کارگو ہینڈلنگ چارجز کو معقول بنایا جائے۔وزارت بحری امور کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے اپنے دفتر میں اے ڈی پورٹس گروپ کے وفد …

اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے اے ڈی پورٹس گروپ پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بندرگاہ کے آپریشنز کو مزید کاروبار دوست اور مسابقتی بنانے کے لئے ٹرمینل کارگو ہینڈلنگ چارجز کو معقول بنایا جائے۔وزارت بحری امور کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے اپنے دفتر میں اے ڈی پورٹس گروپ کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر فریقین نے کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) میں جاری منصوبوں کا بھی جائزہ لیا۔

اے ڈی پورٹس گروپ کے وفد کی قیادت ریجنل سی ای او عبدالعزیز زید الشمسی کر رہے تھے اور وفد میں نائب صدر رئیل اسٹیٹ عبداللہ الانصاری، بورڈ ممبر کے جی ٹی ایل/کے جی ٹی ایم ایل مصطفی احمد، کنٹری ہیڈ پاکستان اے ڈی پورٹس عادل الحسینی، سی ای او جی ٹی ایل/کے جی ٹی ایم ایل خرم عزیز خان، پروجیکٹ منیجر رئیل اسٹیٹ عدنان بالیتھ اور لیگل ایڈوائزر صبور کرامت شامل تھے۔

وفاقی وزیر نے کے جی ٹی ایل اور کے جی ٹی ایم ایل ٹرمینلز پر کارگو ہینڈلنگ کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور اس میں اضافہ کے لئے کرینوں اور لوڈرز سمیت میکانائزیشن اور ڈیجیٹلائزیشن آلات کی خریداری کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر اے ڈی پورٹس گروپ نے موجودہ کارگو ہینڈلنگ چارجز کا جائزہ لینے پر اتفاق کیا اور کہا کہ اس مقصد کے لئے ایک مذاکراتی کمیٹی تشکیل بھی دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ ریئر ایڈمرل (ر)شاہد احمد ، ایس بی ٹی اور اے ڈی پورٹس گروپ کے کنٹری نمائندہ پر مشتمل کمیٹی اس حوالہ سے سات دن میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔