اٹک ۔ 11 جنوری (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ ان کی زندگی کا ایک ایک لمحہ عوامی خدمت کے لیے وقف ہے اور عوام کی فلاح و بہبود ہی ان کی سیاست کا محور ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ضلع اٹک کی تحصیل جنڈ میں لیپ ٹاپ (کروم بکس) کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنر پنجاب نے کہا …
ا ٹک ،گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا جنڈ میں ایک ہزار کروم بکس کی تقسیم، تعلیمی و فلاحی منصوبوں کے بڑے اعلانات

مزید خبریں
اٹک ۔ 11 جنوری (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ ان کی زندگی کا ایک ایک لمحہ عوامی خدمت کے لیے وقف ہے اور عوام کی فلاح و بہبود ہی ان کی سیاست کا محور ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ضلع اٹک کی تحصیل جنڈ میں لیپ ٹاپ (کروم بکس) کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ٹی ٹی گلوبل فاؤنڈیشن کے تعاون سے ضلع اٹک کے طلبہ و طالبات کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے لیے ایک ہزار کروم بکس و لیپ ٹاپ فراہم کیے گئے ہیں جو ضلع اٹک کی پانچوں تحصیلوں کے سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات میں مساوی طور پر تقسیم کیے گئے۔
انہوں نے اس اقدام کو تعلیمی ترقی کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ جدید تعلیم کے فروغ کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹی ٹی گلوبل فاؤنڈیشن کے تعاون سے آئندہ دو برسوں میں ضلع اٹک کے تمام سرکاری اسکولوں کے نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے تمام طلبہ و طالبات کو کمپیوٹر فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکیں اور ڈیجیٹل دنیا میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکیں۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اپنے دورِ گورنری میں ضلع اٹک میں کیے گئے ترقیاتی اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ فتح جنگ اور حسن ابدال میں الیکٹرک بسوں کا آغاز کیا گیا جس سے عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں۔
اسی طرح عوامی سہولت کے پیش نظر حضرو میں پاسپورٹ آفس قائم کیا گیا جبکہ فتح جنگ، پنڈی گھیب اور جنڈ کے دور افتادہ دیہاتوں میں واٹر سپلائی سمیت دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ او جی ڈی سی ایل کے تعاون سے ماڑی سے جلوال تک 18 کلومیٹر طویل سڑک تعمیر کی گئی جبکہ پنڈی گھیب اور فتح جنگ میں ڈائلیسز سینٹرز اور بلڈ بینکس قائم کیے گئے۔ گورنر پنجاب نے اعلان کیا کہ مستقبل قریب میں ٹی ایچ کیو جنڈ میں بھی ڈائلیسز سینٹر قائم کیا جائے گا جہاں پانچ جدید مشینیں نصب کی جائیں گی۔
اس کے علاوہ ایک سے ڈیڑھ ماہ کے اندر جنڈ میں تمام جدید سہولیات سے آراستہ زچہ و بچہ سینٹر بھی قائم کیا جائے گا جہاں ایک ماہر لیڈی ڈاکٹر کی تعیناتی کی جائے گی۔گورنر پنجاب نے بتایا کہ اسی ماہ مستحق خاندانوں کے لیے 35 اجتماعی شادیوں کا اہتمام کیا جائے گا جس میں تقریباً 2000 مہمانوں کے لیے کھانے کا بندوبست ان کی جانب سے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مستحق خاندان اپنی بیٹیوں کی شادی کے سلسلے میں فتح جنگ میں ملک کامران خاکی جبکہ جنڈ میں سید عاطف حسین شاہ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
انہوں نے صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ سرکاری اسکولوں کی ترقی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہے ہیں اور ان شاء اللہ بہت جلد سرکاری اسکولوں کو جدید سہولیات سے ہمکنار کیا جائے گا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے سی ای او ایجوکیشن اٹک کو ہدایت کی کہ ضلع اٹک کے اسکولوں کے لیے گورنر ہاؤس میں ایک خصوصی سیل قائم کیا جائے جہاں سے اسکولوں کو جدید ترین سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ اسکولوں میں سولر پینلز بھی نصب کیے جائیں گے۔
تقریب میں ٹی ٹی گلوبل فاؤنڈیشن کے سی ای او راشد منہاس، فیصل شہزاد، سی ای او ایجوکیشن اٹک ڈاکٹر محمد اظہر، پیپلز پارٹی کے رہنما ملک امانت راول، سید عاطف حسین شاہ، اسسٹنٹ کمشنر احمد علی رضا، حاجی اختر غریبوال، سردار محمد علی، طلبہ و طالبات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے ٹی ٹی گلوبل فاؤنڈیشن کے صدر راشد منہاس، ملک امانت راول، سید عاطف حسین شاہ اور سی ای او ایجوکیشن اٹک ڈاکٹر محمد اظہر نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ (کروم بکس) تقسیم کیے گئے۔








