بابائے جمہوریت ،ممتاز سیاستدان ، شاعر نوابزادہ نصراللہ خان کی سالگرہ منائی گئی

بابائے جمہوریت ،ممتاز سیاستدان اور شاعر نوابزادہ نصراللہ خان کی سالگرہ جمعہ 13 نومبر کو منائی گئی۔نوابزادہ نصراللہ خاں 13نومبر 1916 کو خان گڑھ میں پیدا ہوئے اور ایچی سن کالج لاہور سے تعلیم حاصل کی۔ وہ منفرد لب ولہجہ کے شاعر تھے اور ناصر تخلص کرتے تھے

اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):بابائے جمہوریت ،ممتاز سیاستدان اور شاعر نوابزادہ نصراللہ خان کی سالگرہ جمعہ 13 نومبر کو منائی گئی۔نوابزادہ نصراللہ خاں 13نومبر 1916 کو خان گڑھ میں پیدا ہوئے اور ایچی سن کالج لاہور سے تعلیم حاصل کی۔ وہ منفرد لب ولہجہ کے شاعر تھے اور ناصر تخلص کرتے تھے۔ انہوں نے 1930 میں اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز مجلس احرار اسلام میں شمولیت سے کیا اور 1945 میں آل انڈیا مجلس احرار اسلام کے سیکرٹری جنرل منتخب ہوئے۔تقسیم ہندکے بعد 1947 میں وہ مسلم لیگ میں شامل ہوئے اور صوبائی و قومی اسمبلی کے رکن بھی منتخب ہوئے۔

بے نظیر بھٹو کی دوسری حکومت میں نصراللہ خان نے حکومت میں شمولیت کی اور حزب اختلاف سے دور رہے اور قومی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین منتخب کئے گئے۔ نوابزادہ نصر اللہ خان کو ملک میں جمہوریت کے لئے خدمات پربابائے جمہوریت کے نام سے جانا جاتا ہے۔ نوابزادہ نصر اللہ خان نے اپنی پوری زندگی پاکستان میں پارلیمانی جمہوریت کے استحکام کی جدوجہد میں گزاری۔نوابزادہ نصراللہ خان 27 ستمبر 2003 کو انتقال کر گئے۔ ان کی سالگرہ کے موقع پر علمی و ادبی ور سیاسی حلقوں کی جانب سے انہیں بھر پور خراج تحسین پیش کیا گیا۔

 

مزید خبریں