صدرمملکت آصف علی زرداری نے تمام پاکستانیوں پر زور دیا ہے کہ ذیابیطس کی بیماری سے بچائو، بروقت تشخیص اور صحت مند طرز زندگی کو قومی ترجیح بنائیں،
ہر پاکستانی ذیابیطس سے بچائو، بروقت تشخیص اور صحت مند طرز زندگی کو قومی ترجیح بنائے، عوامی آگاہی کا پیغام پورا سال ہر طبقے اور ہر کمیونٹی تک پہنچنا چاہیے، صدر مملکت آصف علی زرداری کا عالمی یوم ذیابیطس پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):صدرمملکت آصف علی زرداری نے تمام پاکستانیوں پر زور دیا ہے کہ ذیابیطس کی بیماری سے بچائو، بروقت تشخیص اور صحت مند طرز زندگی کو قومی ترجیح بنائیں، اس بارے میں عوامی آگاہی کا پیغام پورا سال ملک کے ہر طبقے اور ہر کمیونٹی تک پہنچنا چاہیے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں، طبی ماہرین، تعلیمی ادارے، ذرائع ابلاغ اور سول سوسائٹی اس سلسلے میں اردو اور علاقائی زبانوں میں مربوط آگاہی مہمات کا انعقاد کریں۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے یہ بات عالمی یوم ذیابیطس (14 نومبر) کے موقع پر پیغام میں کہی ۔ صدر مملکت نے اس موقع پر تمام پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ بیماری سے بچائو، صحت مند طرز زندگی اور بروقت تشخیص کو قومی ترجیح بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کا موضوع ’’ذیابیطس کے خلاف بروقت اقدام‘‘ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ بروقت اقدامات قیمتی جانیں بچانے اور بیماری کی سنگین پیچیدگیوں سے محفوظ رہنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ انٹرنیشنل ڈائیبیٹیز فیڈریشن کے تازہ ترین تخمینہ جات کے مطابق پاکستان میں 2024ء کے دوران 3 کروڑ 45 لاکھ بالغ افراد ذیابیطس کے مرض میں مبتلا تھے جن میں سے ایک چوتھائی سے زائد افراد کی تشخیص نہیں ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ یہ تشویش ناک صورت حال ہمارے عوام کی صحت اور فلاح و بہبود کے تحفظ کے لیے مسلسل اور موثر اقدامات کی متقاضی ہے۔صدرمملکت نے کہا کہ ٹائپ ٹو ذیابیطس کے بہت سے کیسز کو متوازن غذا، باقاعدہ جسمانی سرگرمی، صحت مند وزن برقرار رکھنے اور تمباکو سے اجتناب کے ذریعے روکا یا ان کے خطرات کو موخر کیا جا سکتا ہے۔ صدر مملکت نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ میٹھے مشروبات کا استعمال کم کریں، زیادہ چینی اور غیر صحت بخش چکنائی والی غذائوں سے پرہیز کریں اور چہل قدمی، ورزش اور کھیلوں کو اپنے روزمرہ معمولات کا حصہ بنائیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ بچوں میں ابتدائی عمر ہی سے صحت مند عادات کو فروغ دینے میں خاندانوں اور تعلیمی اداروں کی خصوصی ذمہ داری ہے جبکہ عوامی آگاہی کا پیغام پورا سال ملک کے ہر طبقے اور ہر کمیونٹی تک پہنچنا چاہیے۔
صدر مملکت نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں، طبی ماہرین، تعلیمی اداروں، ذرائع ابلاغ اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ اس سلسلے میں اردو اور علاقائی زبانوں میں مربوط آگاہی مہمات کا انعقاد کریں جن کے ذریعے بیماری سے بچائو، اس کی ابتدائی علامات اور طبی معائنے کے لیے کب اور کہاں رجوع کرنا چاہیے، اس بارے میں سادہ اور قابل عمل رہنمائی فراہم کی جائے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہماری کوششوں کا دائرہ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر تک پھیلنا چاہیے۔ صدر مملکت نے کہا کہ خواتین، بزرگ شہریوں، کم آمدنی والے خاندانوں اور دیہی و دور دراز علاقوں میں رہنے والی آبادیوں پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔ لیڈی ہیلتھ ورکرز، بنیادی مراکز صحت اور کمیونٹی تنظیمیں قابل اعتماد معلومات اور طبی معائنے کی سہولیات لوگوں کی دہلیز کے قریب پہنچانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ ذیابیطس کی بیماری بسا اوقات واضح علامات کے بغیر بھی لاحق ہو سکتی ہے، لہٰذا آگاہی مہمات کے ذریعے لوگوں کو ترغیب دی جانی چاہیے کہ وہ بیماری کے ممکنہ خطرات اور ضروری طبی ٹیسٹوں کے حوالے سے مستند طبی ماہرین سے مشورہ کریں۔ بروقت تشخیص کے بعد سستے اور قابل رسائی علاج اور مسلسل طبی نگہداشت کی فراہمی بھی یقینی بنانا ضروری ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ صحت مند طرز زندگی کے فروغ کے لیے معاون عوامی پالیسیوں کی بھی ضرورت ہے، ہمیں بالخصوص خواتین اور بچوں کے لیے۔ غذائیت سے بھرپور اور سستی خوراک، تعلیمی اداروں میں صحت بخش غذائوں، پینے کے صاف پانی اور چہل قدمی و تفریح کے لیے محفوظ اور قابل رسائی مقامات کو فروغ دینا ہوگا۔ صدر مملکت نے اس بات زور دیا کہ آئیے آگاہی کو روزمرہ زندگی کے عملی اقدامات میں تبدیل کریں، بیماری سے بچائو کے اقدامات میں سرمایہ کاری اور عوام کو صحت مند انتخاب کرنے کے قابل بنا کر ہم ذیابیطس کے بڑھتے ہوئے بوجھ کو کم کر سکتے ہیں اور ایک صحت مند پاکستان کی تشکیل کر سکتے ہیں۔







