ضلع مانسہرہ کے میدانی اور بالائی علاقوں میں دوسرے روز بھی بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں وقفہ وقفہ سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ وادی کاغان کے سیاحتی مقامات ناران، جھیل سیف الملوک، بٹہ کنڈی، بیسر اور جھیل لولوسر میں بھی برفباری ہو رہی ہے
وادی کاغان کے سیاحتی مقامات پر برفباری کا سلسلہ جاری،کے ڈی اے کی مشینری برف ہٹانے میں مصروف، عملہ الرٹ

مزید خبریں
ایبٹ آباد۔ 13 نومبر (اے پی پی):ضلع مانسہرہ کے میدانی اور بالائی علاقوں میں دوسرے روز بھی بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں وقفہ وقفہ سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ وادی کاغان کے سیاحتی مقامات ناران، جھیل سیف الملوک، بٹہ کنڈی، بیسر اور جھیل لولوسر میں بھی برفباری ہو رہی ہے۔ ناران بازار میں اب تک تقریباً تین انچ جبکہ بٹہ کنڈی، سہوچ اور بیسر کے علاقوں میں چھ انچ سے زائد برف پڑ چکی ہے۔ڈائریکٹر جنرل کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی میر خواص خان کی ہدایات پر کے ڈی اے کی مشینری سڑکوں سے برف ہٹانے میں مصروف ہے جبکہ برفباری کے باعث سہوچ اور بٹہ کنڈی سے آگے ٹریفک کی آمدورفت عارضی طور پر روک دی گئی ہے۔
کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے سیاحوں اور مقامی آبادی کی سہولت، رہنمائی اور معاونت کے لیے عملہ کو الرٹ کر دیا ہے جبکہ حساس مقامات پر عملہ اور مشینری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ برفباری کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، دورانِ سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ضلعی انتظامیہ، کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ ان کا سفر محفوظ رہے۔







