وزیراعظم محمد شہباز شریف نےاقوام عالم کے ساتھ ہم آواز ہو کر دنیا بھر میں پھیلی ذیابیطس کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات اور باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے
بروقت سکریننگ اور تشخیص سے ذیابیطس کے ممکنہ مریضوں کو اس مرض کے لاحق ہونے اور سنگینی سے بچایا جا سکتا ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا ذیابیطس کے عالمی دن پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نےاقوام عالم کے ساتھ ہم آواز ہو کر دنیا بھر میں پھیلی ذیابیطس کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات اور باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بروقت سکریننگ اور تشخیص سے ذیابیطس کے ممکنہ مریضوں کو اس مرض کے لاحق ہونے اور سنگینی سے بچایا جا سکتا ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق ذیابیطس کے عالمی دن پراپنےپیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ذیابیطس کے عالمی دن پر اقوام عالم کے ساتھ ہم آواز ہو کر دنیا بھر میں پھیلی ذیابیطس کے روک تھام کے لئے موثر اقدامات اور باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سال یہ عالمی دن ’’ذیابیطس کے خلاف بروقت اقدامات‘‘ کے زیر عنوان منایا جا رہا ہے۔
یہ موضوع بھی اس امر کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے کہ بیماری کی پیچیدگیوں سے بچاؤ اور قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے بروقت سکریننگ اور طبی مداخلت وقت کی اہم ضرورت ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ذیابیطس دنیا بھر میں صحت عامہ کے لیے ایک بڑا چیلنج ہےجس سے لاکھوں افراد متاثر ہو رہے ہیں۔پاکستان میں ذیابیطس کا تیزی سے پھیلائو صحت عامہ کا ایک سنگین مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔ بروقت سکریننگ اور تشخیص سے اس مرض کے ممکنہ مریضوں کو اس مرض کے لاحق ہونے اور سنگینی سے بچایا جا سکتا ہے۔شہبازشریف نے کہا کہ پرہیز سے متعلق طبی رہنمائی اور علاج کی مناسب سہولیات سے مرض کی پیچیدگیوں اور صحت کے سنگین مسائل سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔ اسی پس منظر میں وزیراعظم ذیابیطس روک تھام اور کنٹرول پروگرام کو مرتب کیا گیا ہے۔
وفاقی حکومت کے اس پروگرام میں 6.8 ارب کی رقم مختص کی گئی ہے تاکہ ذیابیطس سے بچائو کے عملی اقدامات کو مضبوط اور موثر بنانا جا سکے۔ اس پروگرام کا مقصد ابتدائی مرحلے میں مرض کی تشخیص کے لیے سکریننگ کا دائرہ وسیع کرنا، بنیادی طبی سہولیات کو بہتر بنانا اور تشخیص و علاج تک رسائی میں اضافہ کرنا ہے۔علاوہ ازیں ان اقدامات کو مزید موثر بنانے کے لیے صحت مند طرز زندگی کے فروغ، عوامی آگاہی اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے مابین موثر اشتراک عمل کو بھی ترجیح دی جا رہی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ میں تمام شہریوں سے پر زور اپیل کرتا ہوں کہ وہ صحت مند طرز زندگی اپنائیں، غذائیت سے بھرپور متوازن غذا کے ساتھ ساتھ ورزش کو بھی اپنے معمول کاحصہ بنائیں، باقاعدگی سے طبی معائنے اور سکریننگ کو اپنائیں اور بروقت مستند معالج سے طبی مشورہ حاصل کریں تاکہ صحت بخش زندگی یقینی بنائی جاسکے۔ انفرادی اور اجتماعی کاوشوں، موثر پالیسز ،محتاط اطوارِ زندگی کی آگاہی اور طبی سہولیات میں مسلسل سرمایہ کاری کے ذریعے ہی ذیابیطس کی بڑھتی شرح کو کم کیا جاسکتا ہے۔ آئیے پاکستان کے صحت مند و توانا اور خوشحال اور بیماریوں سے پاک مستقبل کے لئے اپنے عزم کی تجدید کریں۔







