باخبر اور موثر قانون سازی کیلئے بجٹ دستاویزات کا درست فہم ناگزیر ہے، ملک محمد احمد خاں

عوامی وسائل پر موثر نگرانی مضبوط جمہوریت کی ضمانت ہے، جبکہ باخبر اور موثر قانون سازی کے لیے بجٹ دستاویزات کا درست فہم ناگزیر ہے۔ان خیالات کا اظہار سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے پنجاب اسمبلی میں بجٹ سے متعلق موثر قانون سازی

لاہور۔17جون (اے پی پی):عوامی وسائل پر موثر نگرانی مضبوط جمہوریت کی ضمانت ہے، جبکہ باخبر اور موثر قانون سازی کے لیے بجٹ دستاویزات کا درست فہم ناگزیر ہے۔ان خیالات کا اظہار سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے پنجاب اسمبلی میں بجٹ سے متعلق موثر قانون سازی، مالیاتی نظم و نسق اور عوامی وسائل پر موثر نگرانی کو فروغ دینے کے لیے منعقدہ اراکینِ اسمبلی کی دو روزہ بجٹ لٹریسی ورکشاپ سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ورکشاپ میں پنجاب اسمبلی کے معزز اراکین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ تعمیری بحث، شفاف احتساب اور موثر پارلیمانی نگرانی کے ذریعے عوامی مفاد کا تحفظ یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ سپیکر نے اس امر پر زور دیا کہ منتخب نمائندوں کی استعدادِ کار میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے

اور بجٹ سازی کے عمل میں موثر پارلیمانی نگرانی شفاف طرزِ حکمرانی کو فروغ دیتی ہے۔ورکشاپ میں ممتاز ماہرِ معیشت پروفیسر ڈاکٹر حفیظ اے پاشا نے پنجاب کی موجودہ معاشی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے تعلیم، صحت اور ترقیاتی شعبوں میں سرمایہ کاری کے تحفظ کو ناگزیر قرار دیا۔مزید برآں محسن لغاری نے بجٹ دستاویزات کو آسان اور قابلِ فہم انداز میں سمجھنے کے حوالے سے خصوصی سیشن منعقد کیا۔ورکشاپ کا مقصد اراکینِ اسمبلی کی مالیاتی نگرانی، بجٹ کے تجزیے اور موثر قانون سازی سے متعلق صلاحیتوں میں اضافہ کرنا تھا تاکہ وہ عوامی وسائل کے شفاف، موثر اور ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنانے میں اپنا فعال کردار ادا کر سکیں۔ بجٹ لٹریسی ورکشاپ یونیسیف اور اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے آبادی (یو این ایف پی اے) کے اشتراک سے منعقد کی گئی۔