بالائی علاقوں میں بارش، برفباری اور ژالہ باری کا امکان، ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ

اسلام آباد۔9فروری (اے پی پی):آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شمال مشرقی بلوچستان ،خیبرپختونخوا،گلگت بلتستان، کشمیر ، خطہ پوٹھوہار اور وسطی پنجاب میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش اور پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے، اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کی رات اور 10 فروری کے دوران برف باری کے باعث ناران، کاغان، دیر، …

اسلام آباد۔9فروری (اے پی پی):آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شمال مشرقی بلوچستان ،خیبرپختونخوا،گلگت بلتستان، کشمیر ، خطہ پوٹھوہار اور وسطی پنجاب میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش اور پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے، اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کی رات اور 10 فروری کے دوران برف باری کے باعث ناران، کاغان، دیر، سوات، کالام، چترال، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، سکردو، مری، گلیات، وادی نیلم، باغ، پونچھ اور حویلی میں ٹریفک کی روانی میں خلل کا اندیشہ ہے۔اس دوران بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے۔

کل (منگل کو) بالائی خیبرپختونخوا،گلگت بلتستان کشمیر اور خطہ پوٹھوہار میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش اور پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی پہاڑی علاقوں میں موسم شدید سردرہا تاہم شمال مشرقی بلوچستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش ہوئی ۔سب سے زیادہ بارش بلوچستان کوئٹہ 06 اور دالبندین میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔پیر کوریکارڈ کئے گئے کم سے کم درجہ حرارت : لہہ منفی 09 ، استور منفی07، کالام منفی05، گوپس ، مالم جبہ اور سکردو میں منفی03 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔