برازیل کا ایمازون خطے میں پائیدار، مضبوط اور مربوط ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے نئے علاقائی اتحاد کے قیام کا اعلان

برازیلیا۔12نومبر (اے پی پی):برازیل نے ایمازون خطے میں پائیدار، مضبوط اور مربوط ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے ایک نئے علاقائی اتحاد کے قیام کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد خطے میں روابط کو بہتر بنانا، ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانا اور پائیدار ترقی کو فروغ دینا ہے۔شنہوا کے مطابق یہ اقدام برازیل کی وزارت بندرگاہ و ہوابازی کی جانب سے ماحولیاتی کانفرنس کاپ 30 کے موقع پر متعارف کرایا …

برازیلیا۔12نومبر (اے پی پی):برازیل نے ایمازون خطے میں پائیدار، مضبوط اور مربوط ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے ایک نئے علاقائی اتحاد کے قیام کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد خطے میں روابط کو بہتر بنانا، ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانا اور پائیدار ترقی کو فروغ دینا ہے۔شنہوا کے مطابق یہ اقدام برازیل کی وزارت بندرگاہ و ہوابازی کی جانب سے ماحولیاتی کانفرنس کاپ 30 کے موقع پر متعارف کرایا گیا۔ اس اتحاد کو بین الامریکی ترقیاتی بینک اور عالمی بینک کی معاونت حاصل ہے جبکہ اس میں برازیل، بولیویا، کولمبیا، ایکواڈور، گیانا، پیرو اور سورینام شامل ہیں۔

وزیرِ بندرگاہ و ہوابازی سیلویو کوسٹا فیلیو نے کہا کہ یہ اتحاد علاقائی تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہے اور یہ برازیل کے اس عزم کو اجاگر کرتا ہے کہ وہ کم کاربن، موثر اور ماحولیاتی طور پر مضبوط ٹرانسپورٹ نظام کو فروغ دے گا تاکہ ایمازون کے حیاتیاتی نظام کو عالمی ماحولیاتی عمل کے مرکز میں رکھا جا سکے۔ سیکرٹری برائے آبی گزرگاہیں اوٹو لوئیز برلیئر دا سلویرا فیلیو نے اس اتحاد کو خطے کے مستقبل کے لیے ایک سٹریٹجک قدم قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ریور ٹرانسپورٹ کو علاقائی انضمام اور سماجی شمولیت کے محور کے طور پر مضبوط بناتا ہے، جبکہ انفراسٹرکچر کی ترقی کو ماحولیاتی اہداف سے ہم آہنگ کرتا ہے۔اتحاد کا مقصد ایمازون خطے کے دیرینہ مسائل کا حل تلاش کرنا اور ٹرانسپورٹ کو ترقی و معیار زندگی میں بہتری کا ذریعہ بنانا ہے۔اس حکمت عملی کی بنیاد چار نکات پر رکھی گئی ہے جن میں دور دراز برادریوں تک رسائی میں توسیع،ریور ٹرانسپورٹ اور بائیو اکانومی پر مبنی کثیر النوع نیٹ ورکس کی تعمیر اور فطرت پر مبنی گرین انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری شامل ہے۔

معاہدے کے تحت رکن ممالک اور شراکت دار ادارے 2026 تا 2030 علاقائی ایکشن پلان تیار کریں گے جس میں اہداف اور سرمایہ کاری کی تفصیلات شامل ہوں گی تاکہ ایمازون میں پائیدار اور مربوط ٹرانسپورٹ کے وژن کو عملی شکل دی جا سکے۔

 

مزید خبریں