برطانوی وزیر اعظم اینڈی برنہم نے مہنگائی اور اخراجاتِ زندگی کے دباؤ کو کم کرنے کی کوششوں کے تحت گمراہ کن رعایتوں اور غیر ضروری سبسکرپشنز کے خلاف نئے اقدامات کا اعلان کردیا۔
برطانیہ میں گمراہ کن ڈسکاؤنٹس اور سبسکرپشن فراڈ کے خلاف اقدامات کا اعلان

مزید خبریں
لندن ۔10اگست (اے پی پی):برطانوی وزیر اعظم اینڈی برنہم نے مہنگائی اور اخراجاتِ زندگی کے دباؤ کو کم کرنے کی کوششوں کے تحت گمراہ کن رعایتوں اور غیر ضروری سبسکرپشنز کے خلاف نئے اقدامات کا اعلان کردیا۔شنہوا کے مطابق برطانوی حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق منصوبے کے تحت ریٹیلرز کو اشیا کی قیمتیں مصنوعی طور پر بڑھا کر بعد میں بڑی رعایت ظاہر کرنے جیسے طریقوں سے روکنے کی کوشش کی جائے گی۔حکومت رواں موسم خزاں میں مشاورت کا آغاز کرے گی تاکہ یہ جائزہ لیا جا سکے کہ صارفین کے تحفظ سے متعلق موجودہ قوانین کے تحت ایسے طریقوں پر واضح طور پر پابندی عائد کی جانی چاہیے یا نہیں۔نئے سبسکرپشن قوانین جنوری 2027 میں نافذ ہوں گے، جن کے تحت کاروباری اداروں کو صارفین کو زیادہ واضح معلومات فراہم کرنا، سبسکرپشن کی تجدید سے قبل یاد دہانی کرانا اور اسے منسوخ کرنے کا آسان طریقہ فراہم کرنا ہوگا۔ بعض معاہدوں کی تجدید کے بعد صارفین کو 14 روزہ ’’کولنگ آف‘‘ مدت بھی دی جائے گی۔وزیر اعظم اینڈی برنہم نے کہا کہ یہ اقدامات حکومت کی جانب سے متعارف کرائے جانے والے ایسے سلسلے کی پہلی کڑی ہیں جن کا مقصد روزمرہ اخراجات کے بوجھ کو کم کرکے گھریلو مالی دباؤ میں کمی لانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم جعلی سودے بازی کا خاتمہ کر رہے ہیں۔ اگر کسی چیز کو نصف قیمت پر فروخت ہونے کے طور پر پیش کیا جائے تو وہ واقعی نصف قیمت ہونی چاہیے۔ ہم سبسکرپشن میں شامل ہونے کی طرح اسے ختم کرنا بھی اتنا ہی آسان بنا رہے ہیں۔







