برطانیہ نے پاکستان کے ”کلائمیٹ فنانس ایکسلریٹر انیشیٹیو“ کے لیے 7 منصوبوں کا اعلان کر دیا، میاں کاشف اشفاق

اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):یو کے پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ برطانیہ نے پاکستان کے کلائمیٹ فنانس ایکسلریٹر (سی ایف اے) کے پہلے حصے کے طور پر کم کاربن کے 7 جدید منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے یہ بات اتوار کو پاک برٹش فرینڈ شپ کونسل (نارتھ) کے صدر محمد ارباب خان سے زوم کے ذریعے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ …

اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):یو کے پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ برطانیہ نے پاکستان کے کلائمیٹ فنانس ایکسلریٹر (سی ایف اے) کے پہلے حصے کے طور پر کم کاربن کے 7 جدید منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے یہ بات اتوار کو پاک برٹش فرینڈ شپ کونسل (نارتھ) کے صدر محمد ارباب خان سے زوم کے ذریعے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ توانائی، ٹرانسپورٹیشن، زراعت، جنگلات اور دیگر زمینی استعمال، فضلہ، ای موبلٹی اور صنعتی و مینوفیکچرنگ کے شعبوں سے منتخب منصوبے فروری 2023 میں ہونے والے ایک پروگرام سے پہلے مناسب تعاون حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے آلودگی میں کمی،

روزگار کے مواقع، توانائی تک رسائی، ویسٹ مینجمنٹ کی موثر ای-موبلٹی اور صنفی مساوات و سماجی شمولیت کی کوششوں میں تعاون کے ذریعے پاکستان بھر کی کمیونٹیز کو فائدہ پہنچانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ محمد ارباب خان نے کہا کہ سی ایف اے موسمیاتی مالیات تک رسائی میں پاکستان کی مدد کرنے اور پیرس معاہدے کے تحت طے شدہ ترجیحات کو پورا کرنے کے لیے حکومت برطانیہ کی کوششوں کا حصہ ہے۔

یہ کام پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد برطانیہ کی طرف سے انسانی بنیادوں پر امداد کی علاوہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ایف اے سپورٹ ان منصوبوں کے ذریعے پاکستان کے مجموعی سرسبز مستقبل کے لیے راہ ہموار کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کل 50 میں سے 7 منتخب پراجیکٹس میں اے سی ٹی انجینئرنگ سروسز، ڈیجیٹل ڈیرہ بائی ایگریکلچر ریپبلک، کانسیپٹ لوپ،

ڈائیوو پاکستان ایکسپریس بس سروس لمیٹڈ، ڈیسائیڈ، اوروبورس ویسٹ مینجمنٹ، شمس پاور لمیٹڈ شامل ہیں۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ گرین فیلڈ سولر پراجیکٹس صنعتی اور تجارتی اداروں کو پاکستان میں متعدد مقامات پر سستی فنانسنگ کے 150 میگاواٹ کے منصوبوں کے ذریعے شمسی توانائی کی فراہمی میں مدد مہیا کریں گے۔