بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ ،آئی ایس پی آر

راولپنڈی۔ 29 اپریل (اے پی پی) بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا جہاں انہیں تازہ ترین صورتحال، بھارتی فوج کی جانب سے بار بار سیز فائرکی خلاف ورزیوں میں جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنانے اور پاک فوج کی بروقت جوابی کارروائیوں سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ …

راولپنڈی۔ 29 اپریل (اے پی پی) بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا جہاں انہیں تازہ ترین صورتحال، بھارتی فوج کی جانب سے بار بار سیز فائرکی خلاف ورزیوں میں جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنانے اور پاک فوج کی بروقت جوابی کارروائیوں سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشنل تیاری اور فوجی دستوں کے اعلی حوصلوں کی تعریف کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید نے افسروں اور جوانوں کی پیشہ وارانہ مہارت اور چوکس رہنے کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ کشمیریوں پر بھارتی قابض افواج کے وحشیانہ مظالم اور آزاد جموں و کشمیر میں شہری آبادی کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے زور دیا کہ بھارتی اشتعال انگیزی علاقائی امن اور استحکام کے لئے خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فوج کو جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں پر منہ توڑ جواب ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج لائن آف کنٹرول کے ساتھ رہنے والے بے گناہ شہریوں کی حفاظت اور ہر قیمت پر مادروطن کی عزت، وقار اور علاقائی سالمیت کا دفاع کرے گی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کورونا وائرس سے بچاﺅ کے لئے پابندیوں پر موثر عملدرآمد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج وبائی امراض کے خلاف قومی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گی۔ کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس نے ایل او سی پر آرمی چیف کا استقبال کیا۔