بزدلانہ دہشتگرد حملے قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے،دہشتگردوں کے آخری ٹھکانے کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی،سینیٹر طلال چوہدری

اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ بزدلانہ دہشت گرد حملے وطن کے ایک ایک انچ کے تحفظ کے قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کیڈٹ کالج وانا پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنایا، ایسے بزدلانہ دہشت گرد حملے قوم کے عزم …

اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ بزدلانہ دہشت گرد حملے وطن کے ایک ایک انچ کے تحفظ کے قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کیڈٹ کالج وانا پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنایا، ایسے بزدلانہ دہشت گرد حملے قوم کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے اپنی چوکسی اور حوصلے سے ایک بار پھر ریاست مخالف عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کی یہ کارروائیاں غیر ملکی سپانسرڈ پراکسیز کا کام ہیں جو پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ طلال چوہدری نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں جاری ہیں، سیکورٹی فورسز اس طرح کی کارروائیوں میں ملوث دہشت گرد پراکسیوں کا سراغ لگانے اور انہیں ختم کرنے کیلئے آپریشنز میں مصروف عمل ہیں۔ وزیرمملکت نے کہا کہ متعدد شواہد پاکستان کے اندر دہشت گردی کی سرپرستی میں بھارت کے ملوث ہونے کی نشاندہی کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ دہشت گرد افغانستان میں تربیت یافتہ ہیں اور ہندوستان کے پراکسی کے طور پر کام کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ افغانستان کو اپنے اس عزم کا احترام کرنا چاہیے کہ اس کی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔ وزیر مملکت نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے سیکیورٹی ادارے ان پراکسیوں کے آخری ٹھکانے کے خاتمے تک اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔