بزنس کمیونٹی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، چیئرمین نیب

اسلام آباد۔10جنوری (اے پی پی):چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے اس بات پر زور دیا ہے کہ تاجر برادری ملکی معیشت کا اصل انجن ہے اور تاجروں اور صنعتکاروں کو درپیش مسائل کا حل نیب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کاروبار دوست ماحول کو فروغ دینے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے جو کاروباری اداروں کو ترقی اور قومی اقتصادی ترقی …

اسلام آباد۔10جنوری (اے پی پی):چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے اس بات پر زور دیا ہے کہ تاجر برادری ملکی معیشت کا اصل انجن ہے اور تاجروں اور صنعتکاروں کو درپیش مسائل کا حل نیب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کاروبار دوست ماحول کو فروغ دینے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے جو کاروباری اداروں کو ترقی اور قومی اقتصادی ترقی میں موثر کردار ادا کرتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے چیئرمین آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ شیخ طارق صادق، سینئر نائب صدر طاہر ایوب اور سابق نائب صدر سیف الرحمان کے ہمراہ نیب ہیڈ کوارٹرز میں ان سے ملاقات کی۔آئی سی سی آئی کی جانب سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق چیئرمین نیب نے کہا کہ بیورو پورے معاشرے میں احتساب، شفافیت اور سالمیت کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے عوامی آگاہی مہم اور متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں مصروف عمل ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نیب ایک وسیع تر اور مستقبل کے حوالے سے نقطہ نظر پر عمل پیرا ہے، نفاذ کے ساتھ ساتھ روک تھام، آگاہی اور مضبوط اخلاقی اقدار کی آبیاری پر یکساں زور دے رہا ہے۔آئی سی سی آئی کے صدر کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے یقین دلایا کہ وہ مستقبل قریب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کریں گے تاکہ ایک سیمینار کے ذریعے تاجر برادری سے بات چیت کی جا سکے جس کا مقصد باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم کو فروغ دینا ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے شفاف اور منصفانہ احتساب کو فروغ دینے کے لیے چیئرمین نیب کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ چیئر مین کا آئی سی سی آئی کا دورہ تاجر برادری کی حوصلہ افزائی کرے گا، اعتماد میں اضافہ کرے گا اور تاجروں کو اسلام آباد اور پورے ملک کی معاشی خوشحالی میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دے گا۔

چیئرمین آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ شیخ طارق صادق اور سینئر نائب صدر طاہر ایوب نے بھی چیئرمین نیب کے عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور احتساب کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ حقیقی کاروباری سرگرمیوں کی حمایت کرنے پر ان کی تعریف کی اور اسے پائیدار اقتصادی ترقی اور قومی ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیا۔

مزید خبریں