بزنس کمیونٹی کی مشاورت سے معیشت کی بحالی کیلئے فیصلے کئے جائیں، صدراسلام آبادچیمبراحسن بختاوری

اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):مرکزی تنظیم تاجراں پاکستان اور صدر پاکستان بزنس فورم اسلام آباد محمد کاشف چوہدری نے مختلف مارکیٹ ایسوسی ایشنز کے صدور کے وفد کے ہمراہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور مدت میں ایک سال کی توسیع پر چیمبر کے عہدیداران کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تاجروں کے مسائل کے حل کی کوششوں …

اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):مرکزی تنظیم تاجراں پاکستان اور صدر پاکستان بزنس فورم اسلام آباد محمد کاشف چوہدری نے مختلف مارکیٹ ایسوسی ایشنز کے صدور کے وفد کے ہمراہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور مدت میں ایک سال کی توسیع پر چیمبر کے عہدیداران کو مبارک باد پیش کی۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تاجروں کے مسائل کے حل کی کوششوں میں وہ چیمبر کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بزنس کمیونٹی کی مشاورت سے معیشت کی بحالی کیلئے فیصلے کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی اسلام آباد کی بزنس کمیونٹی کا سب سے بڑا نمائندہ ادارہ ہے جس کے دروازے تمام تاجر لیڈروں کیلئے کھلے ہیں لہذا وہ چیمبرکے پلیٹ فارم سے تاجر برادری کی بہتری کے لیے موثر انداز میں اپنا موقف حکومت کو پیش کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مرکز انجمن تاجران اور پاکستان بزنس فورم بھی تاجر برادری کے مفادات کے تحفظ کیلئے کام کر رہے ہیں لہذا چیمبرکے ساتھ ان کا تعاون کاروباری برادری کی فلاح و بہبود کے مشترکہ مفادات کے حصول میں بہت موثر اور معاون ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری اپنی صفوں میں مضبوط اتحاد پیدا کر کے اپنی آواز موثر انداز میں حکومت تک پہنچا سکتی ہے۔

انہوں نے کاشف چوہدری کی تاجر برادری کے لیے خدمات کو سراہا اور کہا کہ آئی سی سی آئی کے ساتھ ان کا تعاون بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل اور کاروبار کی ترقی کیلئے بہت مفید ثابت ہو گا۔مرکزی تنظیم تاجراں پاکستان اور پاکستان بزنس فورم اسلام آباد کے صدر محمد کاشف چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ تاجروں اور صنعتکاروں کو اس وقت متعدد مسائل کا سامنا ہے جنہیں آئی سی سی آئی کے ساتھ مضبوط اتحاد کے ذریعے بہتر انداز میں حل کرایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ تاجر برادری کی عزت و وقار اور تاجروں کے آئینی حقوق کے تحفظ کیلئے چیمبر کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت تاجر برادری کی مشاورت سے فیصلہ سازی اور پالیسی سازی کرے جس سے معیشت کیلئے فائدہ مند نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کاروبار اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے، منصفانہ ٹیکس اور دوستانہ انداز میں ٹیکسوں کی وصولی کا مطالبہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ حکومت کاروبار اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے ون ونڈو آپریشن قائم کرے۔

انہوں نے اسلام آباد میں صنعتکاری، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور صحت کی بہتر سہولیات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے سی ڈی اے سے مارکیٹوں کی بہتر ترقی اور شہر کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کا مطالبہ کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ چیمبر کے ساتھ مل کر اسلام آباد کو ملک کا رول ماڈل شہر بنانا چاہتے ہیں۔چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید اور نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر نے محمد کاشف چوہدری اور ان کے وفد کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں خیرمقدم کیا اور کہا کہ خطے کے تاجر لیڈرز چیمبر کا دست و بازو بن کر سازگار کاروباری ماحول کے قیام کیلئے مثبت پیش رفت کر سکتے ہیں۔

چیمبر کے سابق صدر اور یو بی جی پاکستان کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ محمد کاشف چوہدری اور دیگر تاجر لیڈروں کا چیمبر کے پلیٹ فارم پر اکٹھاہونا تاجروں کیلئے بہت خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتفاق میں برکت ہے اور متحد ہو کر ہی ہم بزنس کمیونٹی کی بہتر خدمت کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیمبر بزنس کمیونٹی کا نمائندہ ادارہ ہے لہذا وہ بزنس کمیونٹی کی بہتری کیلئے اس کے ہاتھ مزید مضبوط کریں۔راجہ حسن اختر صدر بلیو ایریا، افتخار شہزادہ اور ملک عارف ایف ایٹ مرکز، علی اصغر خان صدرلہتراڑ روڈ، شہباز قادری صدر غوری ٹاؤن، خرم شکیل صدر سوسائٹی اسلام آباد، جہانگیر عباسی صدر نان بائی ایسوسی ایشن، عتیق جنجوعہ صدر آئی نائن اسلام آباد،

ملک رضوان چیئرمین آل فرنیچر میکرز ایسوسی ایشن، ملک عمران سیکرٹری جنرل اسلام آباد ہوٹل ایسوسی ایشن، ہارون کیانی ٹائیگر گروپ بلیو ایریا، شبیر انصاری جی نائن مرکز، شکیل مرزا سابق صدر اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹس، سعید کھوکھر، ناصر چوہدری، عباس ہاشمی، بابر چوہدری اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور تاجر برادری کی فلاح و بہبود کے لیے اتحاد و اتفاق کی ضرورت پر زور دیا۔