بلاول بھٹو زرداری سے عالمی کاروباری و پارلیمانی رہنماؤں کے وفد کی ملاقات، باہمی تعاون، سرمایہ کاری اور علاقائی روابط پر گفتگو

اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے برطانیہ، ناروے، آسٹریا کے پارلیمنٹرینز اور عالمی ٹیکنالوجی و سرمایہ کاری رہنماؤں پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد نے پیر کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات ڈائیلاگ پاکستان کے تعاون سے منعقد ہوئی جس میں باہمی تعاون، علاقائی رابطوں، سرمایہ کاری، ڈیجیٹل ترقی اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے …

اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے برطانیہ، ناروے، آسٹریا کے پارلیمنٹرینز اور عالمی ٹیکنالوجی و سرمایہ کاری رہنماؤں پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد نے پیر کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات ڈائیلاگ پاکستان کے تعاون سے منعقد ہوئی جس میں باہمی تعاون، علاقائی رابطوں، سرمایہ کاری، ڈیجیٹل ترقی اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا کے لئے ایک قابلِ اعتماد دوست ملک ہے اور ہم عالمی پارٹنرز کے ساتھ دیرپا شراکت داری کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انفراسٹرکچر، توانائی، زراعت، ٹیکنالوجی اور آئی ٹی جیسے اہم شعبوں میں شراکت داری اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع پیش کرتا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستانی نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں، سٹارٹ اپ کلچر اور ٹیکنالوجی کے میدان میں تیزی سے ابھرتی استعداد کو پیش نظر رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے ڈیجیٹل سکیورٹی اور جدید ٹیکنالوجی میں تعاون کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ ملاقات میں جدید میڈیا، آن لائن سیفٹی، ہائبرڈ وارفیئر اور ڈس انفارمیشن سے نمٹنے کے موضوعات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وفد نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پاکستان کے میڈیا اور ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی استعداد بڑھانے کے ممکنہ راستوں پر بریفنگ دی۔ مزید برآں تعلیم، صحت، خواتین کی معاشی شمولیت، سماجی ترقی، خطے میں امن، معاشی راہداریوں اور ٹرانزٹ ٹریڈ سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے۔ بلاول بھٹو زرداری نے افغانستان، وسطی ایشیا اور خلیجی منڈیوں کے ساتھ روابط بڑھانے کے حوالے سے وفد کی تجاویز سے اتفاق کیا۔

دونوں فریقین نے طویل المدتی ایف ڈی آئی، مشترکہ کاروباری منصوبوں اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپس کو فروغ دینے پر بھی گفتگو کی۔ وفد کے ارکان نے پاکستان کی جانب سے عسکری، سفارتی اور معاشی میدان میں مثبت پیشرفت کے نتیجے میں عالمی سطح پر حاصل ہونے والی کامیابیوں کا اعتراف کیا۔

ملاقات میں سابق پاکستانی سفیر برائے امریکہ علی جے صدیقی، بینک اسلامی کے ڈپٹی سی ای او عمران ایچ شیخ، جے ایس بینک کی نینہ شیخ، برطانوی ہاؤس آف لارڈز کے رکن سائمن اسٹیونز، ناروے کے رکن پارلیمنٹ ہمانشو گلاتی، آسٹریا کے رکن پارلیمنٹ ویٹ ڈینگلز، گوگل Jigsaw کی سی ای او یاسمین گرین، مائیکرو سافٹ ٹرننگ کے گروپ پروگرام منیجر ایلی الوی، پورٹیج وینچر کی اسٹیفنی چو، ریڈل انکارپوریشن کے سی ای او ایگور ژادانوف، اٹامک کی ایڈوائزر رزا منیر، اسٹیلتھ ڈیفنس ٹیک اسٹارٹ اپ کے سی ای او مائیکل ویگانڈ، ملٹی فیتھ الائنس کی سی ای او شادی مارٹینی اور دیگر عالمی رہنماؤں نے شرکت کی۔ ملاقات میں امریکا، یورپ اور خلیجی خطے سے تعلق رکھنے والے متعدد صحافیوں، ماہرین تعلیم، سرمایہ کاروں اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔