بلدیہ میں پولیس مقابلے کے بعد 4 رکنی مبینہ ڈکیت گروہ گرفتار
بلدیہ میں پولیس مقابلے کے بعد 4 رکنی مبینہ ڈکیت گروہ گرفتار

مزید خبریں
کراچی۔ 05 جولائی (اے پی پی):بلدیہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بینکوں اور اے ٹی ایم سے رقم لے کر نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے میں ملوث مبینہ چار رکنی ڈکیت گروہ کو پولیس مقابلے کے بعد گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران دو ملزمان زخمی ہوئے جبکہ ان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، نقدی اور دو موٹر سائیکلیں بھی برآمد کر لی گئیں۔اتوار کوترجمان کیماڑی پولیس کے مطابق گرفتار میں جاوید ، آصف (زخمی)، ذاکر اور سہیل شامل ہیں۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق پولیس نے ملزمان کو بلدیہ الفتح گرائونڈ کے قریب رکنے کا اشارہ کیا جس پر ملزمان نے فائرنگ شروع کردی ،پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دو ملزمان زخمی ہوگئے۔گرفتارملزمان بینکوں اور اے ٹی ایم سے نقد رقم لے کر نکلنے والے شہریوں کوواردات کا نشانہ بنانے میں ملوث تھے جبکہ گروہ کا ایک کارندہ بینک کے اندر ریکی کرتا تھا۔
گرفتار ملزمان نے متعدد وارداتوں کاانکشافات کیا ہے، جن میں تقریبا ًدس روز قبل بلدیہ میر عالم روڈ پر بینک سے رقم لے کر نکلنے والے شہری نعمان سے ڈکیتی کی واردات بھی شامل ہے۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف پولیس مقابلہ، ناجائز اسلحہ اور دیگر متعلقہ قانونی دفعات کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کردیاہے۔







