بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کوئٹہ میں کارروائی،2 ریسٹورنٹس اور ایک بیکنگ یونٹ کے مالکان کو جرمانہ

بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے کوئٹہ میں فوڈ سٹریٹ پرنس روڈ اور شاوکشاہ روڈ پر متفرق کھانے پینے کے مراکز کا دورہ کیا اور 2 ریسٹورنٹس اور ایک بیکنگ یونٹ کے مالکان پر جرمانہ عائد کردیا۔

کوئٹہ۔ 07 جولائی (اے پی پی):بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے کوئٹہ میں فوڈ سٹریٹ پرنس روڈ اور شاوکشاہ روڈ پر متفرق کھانے پینے کے مراکز کا دورہ کیا اور 2 ریسٹورنٹس اور ایک بیکنگ یونٹ کے مالکان پر جرمانہ عائد کردیا۔ ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق جرمانہ کردہ ریسٹورنٹس اور بیکنگ یونٹ کے خلاف صفائی کے ناقص انتظامات، ورکرز کی ذاتی صفائی نہ ہونے، زنگ آلود ریفریجریٹر و برتنوں کی موجودگی، کچن کے حالات انتہائی خراب، خام مال ذخیرہ کرنے کےلئے نامناسب انتظامات، ممنوعہ چائنیز نمک کے استعمال، حشرات کی موجودگی پر کارروائی کی گئی ۔ دریں اثنا بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ملک سیفٹی ٹیم نے کوئٹہ کے علاقے بروری روڈ پر دودھ کے معیار کی جانچ کےلئے ملک شاپس کا دورہ کیا اور ایک ملک شاپ مالک کو جرمانہ جبکہ 2 ملک شاپس کو اصلاحی نوٹس جاری کئے،جرمانہ کردہ ملک شاپس سے دودھ اور دہی کے نمونے موقع پر ٹیسٹ کیے گئے جن میں پانی و سکمڈ ملک اور پاوڈر کی موجودگی پائی گئی،جس پر مالک شاپس کے خلاف کارروائی کی گئی۔