بلوچستان کے 4 ہونہار طلبا کا کیڈٹ ایکسیلنس سکالرشپ 2026 کے تحت میرٹ پر ملٹری کالج جہلم کے لیے انتخاب
بلوچستان کے 4 ہونہار طلبا کا کیڈٹ ایکسیلنس سکالرشپ 2026 کے تحت میرٹ پر ملٹری کالج جہلم کے لیے انتخاب

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 28 اگست (اے پی پی):بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ (BEEF)کے کیڈٹ ایکسیلنس سکالرشپ پروگرام 2026 کے تحت بلوچستان کے 4 ہونہار طلبا کو ملٹری کالج جہلم پنجاب میں تعلیم کے حصول کے لیے میرٹ کی بنیاد پر سکالرشپ کے لیے منتخب کیا گیا ہے،ان کا تعلق بلوچستان کے مختلف اضلاع جن میں قلعہ سیف اللہ، ژوب اور بارکھان شامل ہیں، سے ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ (BEEF) خالد ماندائی نے کامیاب طلبا اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ فنڈ کا مقصد صوبے کے باصلاحیت نوجوانوں کو معیاری تعلیمی اداروں تک رسائی فراہم کرنا اور انہیں اپنی علمی، فکری اور قائدانہ صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیڈٹ ایکسیلنس سکالرشپ پروگرام اسی مقصد کے تحت شروع کیا گیا ہے تاکہ صوبے کے قابل طلبا کو ان کی اہلیت اور قابلیت کی بنیاد پر آگے بڑھنے کے بہتر مواقع میسر آئیں۔ خالد ماندائی نے کہا کہ BEEF میرٹ اور مساوی مواقع کے اصولوں کے تحت صوبے کے قابل اور مستحق طلبا کی تعلیمی معاونت کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔ ملٹری کالج جہلم کے لیے 4 طلبا کا میرٹ پر انتخاب اس امر کی عکاسی ہے کہ مناسب تعلیمی معاونت اور رہنمائی کے ذریعے بلوچستان کے نوجوان قومی سطح کے معیاری اداروں میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ BEEF کی جانب سے طلبا کو صرف مالی معاونت فراہم کرنا مقصد نہیں بلکہ انہیں ایسے تعلیمی ماحول تک رسائی دینا بھی ہے جہاں ان کی تعلیم کے ساتھ ساتھ نظم و ضبط، کردار سازی اور قائدانہ صلاحیتوں کو بھی فروغ مل سکے،فنڈ مستقبل میں بھی ایسے پروگرامز کے ذریعے بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے تعلیمی مواقع کو مزید وسعت دینے کے لیے اقدامات جاری رکھے گا۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے تعلیم دوست وژن کے مطابق حکومت صوبے کے نوجوانوں کو معیاری تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کرنے اور ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ صوبے کے باصلاحیت نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے لیے ہر ممکن تعلیمی معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ مستقبل میں اپنی صلاحیتوں کے ذریعے صوبے اور ملک کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو صوبے کا قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے ان کی تعلیم، کردار سازی اور صلاحیتوں کے فروغ کو اہم قرار دیا ہے۔
حکومت بلوچستان میرٹ اور مساوی مواقع کی بنیاد پر نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ کیڈٹ ایکسیلنس سکالرشپ پروگرام کے تحت ملٹری کالج جہلم کے لیے منتخب ہونے والے طلبا نے اپنی تعلیمی کارکردگی، اہلیت اور قابلیت کی بنیاد پر سکالرشپ حاصل کیا ۔








