بنچ اور بار کا تعاون مؤثر انصاف کی فراہمی کیلئے ناگزیر ہے، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی

چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ مؤثر اور تیز تر انصاف کی فراہمی کے لئے بنچ اور بار کے درمیان مسلسل تعاون اور تعمیری روابط ضروری ہیں، بار نظامِ انصاف کا اہم سٹیک ہولڈر ہے۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز ملتان، خانیوال، بہاولپور اور سرگودھا جبکہ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشنز بنوں اور بہاولپور کے وفود نے سپریم کورٹ میں ملاقات کی۔

اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ مؤثر اور تیز تر انصاف کی فراہمی کے لئے بنچ اور بار کے درمیان مسلسل تعاون اور تعمیری روابط ضروری ہیں، بار نظامِ انصاف کا اہم سٹیک ہولڈر ہے۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز ملتان، خانیوال، بہاولپور اور سرگودھا جبکہ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشنز بنوں اور بہاولپور کے وفود نے سپریم کورٹ میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران بار وفود نے بار سہولیات، عدالتی انفراسٹرکچر، ڈیجیٹل رابطے اور وکلا کی پیشہ وارانہ تربیت سے متعلق مسائل سے چیف جسٹس کو آگاہ کیا۔وفود نے عدالتوں میں صاف پینے کے پانی، عدالتی کمپلیکسز کی سولرائزیشن، خواتین کے سہولت مراکز، بار رومز، شجرکاری، انٹرنیٹ کنکٹیویٹی، ویڈیو لنک اور ای فائلنگ سہولیات کی فراہمی کے امور بھی اٹھائے۔

ملاقات میں ای لائبریریوں کے قیام اور وکلا کے لئے تربیتی مواقع فراہم کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے جاری عدالتی اصلاحات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ اور قومی جوڈیشل پالیسی ساز کمیٹی انصاف تک رسائی بہتر بنانے اور عدالتی خدمات کی کارکردگی و معیار میں بہتری کے لئے مختلف اقدامات کر رہی ہیں۔انہوں نے ایکسیس ٹو جسٹس ڈویلپمنٹ فنڈ کے ذریعے بلاتعطل بجلی، خواتین کے لئے سہولیات، ای لائبریریوں اور صاف پینے کے پانی کی فراہمی پر خصوصی زور دیا۔

چیف جسٹس نے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں سہولیات کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ افسران کو بار وفود کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل کے حل کے لئے متعلقہ حکام سے رابطہ کاری کی ہدایت کی۔انہوں نے شجرکاری مہم کے لئے محکمہ جنگلات سے رابطہ برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی۔چیف جسٹس نے بار نمائندگان کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کا بغور جائزہ لے کر مربوط ادارہ جاتی کوششوں کے ذریعے حل نکالاجائے گا۔