بنگلہ دیش کوپاکستان کی برآمدات میں دوماہ کے دوران 35.42 فیصد، درآمدات میں 52.54 فیصد اضافہ

State Bank
State Bank

اسلام آباد۔3اکتوبر (اے پی پی):پاکستان اوربنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں نمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے، جولائی اوراگست میں بنگلہ دیش کوپاکستان کی برآمدات میں 35.42 فیصد جبکہ بنگلہ دیش سے درآمدات میں 52.54 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں بنگلہ دیش کوبرآمدات سے ملک کو144.11 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 35.42 فیصدزیادہ ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں بنگلہ دیش کوبرآمدات سے ملک کو106.41 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔اگست میں بنگلہ دیش کوپاکستانی برآمدات کاحجم 72.61 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوجولائی میں 71.50 ملین ڈالر اورگزشتہ سال اگست میں 55.38 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔

مالی سال 2022 میں بنگلہ دیش کو870.60 ملین ڈالرکی برآمدات ریکارڈکی گئی ہیں۔اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں بنگلہ دیش سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر52.54 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔جولائی اوراگست میں بنگلہ دیش سے درآمدات پر14.93 ملین ڈالرکازرمبادلہ صرف ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 9.72 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔

اگست میں بنگلہ دیش سے درآمدات کاحجم 7.44 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوجولائی میں 7.39 ملین ڈالر اورگزشتہ سال اگست میں 6.20 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا،مالی سال 2020 میں بنگلہ دیش سے 97.50 ملین ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئی تھیں۔