بورڈ آف انٹرمیڈہٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودھا کے زیرِ اہتمام انٹر کالجیٹ مقابلہ جات کا آغاز

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودھا کے زیرِ اہتمام انٹر کالجیٹ مقابلوں کا آ غاز ہو گیا ۔ بدھ کو منعقدہ افتتاحی تقریب میں تعلیمی و کھیلوں سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی جبکہ ڈویژن بھر کے کالجز کی ٹیمیں ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہی ہیں

سرگودھا ۔ 21 اکتوبر (اے پی پی):بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودھا کے زیرِ اہتمام انٹر کالجیٹ مقابلوں کا آ غاز ہو گیا ۔ بدھ کو منعقدہ افتتاحی تقریب میں تعلیمی و کھیلوں سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی جبکہ ڈویژن بھر کے کالجز کی ٹیمیں ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہی ہیں۔ ٹورنامنٹ میں گورنمنٹ کالج بھکر، گورنمنٹ کامرس کالج سرگودھا، گورنمنٹ انبالہ مسلم کالج سرگودھا، دی ریڈر کالج سرگودھا اور سپیریئر کالج سرگودھا کی ٹیمیں شریک ہیں، جو بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اگلے مرحلے تک رسائی کے لیے مقابلہ کریں گی۔افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی سیکرٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودھا ابو الحسن نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کا فروغ طلبہ کی جسمانی و ذہنی نشوونما کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انٹرکالجیٹ مقابلہ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار، کھیل میں مہارت بہتر بنانے اور اعلیٰ سطح کے مقابلوں کے لیے خود کو تیار کرنے کے مؤثر مواقع فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نےکہاکہ باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور نوجوان نسل میں ہاکی کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن بی آئی ایس ای انیس صادق گجر نے کہا کہ انٹر کالجیٹ ہاکی ٹورنامنٹ کا انعقاد چئرمین تعلیمی بورڈ عباس حیدر گوندل کی ذاتی دلچسپی اور تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے جس کا بنیادی مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے اور مسابقتی کھیلوں میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈویژنل سطح پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی منتخب ٹیمیں آئندہ آ ل پاکستان ا نٹر بورڈ مقابلوں میں سرگودھا تعلیمی بورد کی نمائندگی کریں گی، جو کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کا اہم موقع ہوگا۔سپورٹس آفیسر میڈم صائمہ منظور نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھیلیں نوجوانوں میں نظم و ضبط، محنت، برداشت، خود اعتمادی اور ٹیم ورک جیسی مثبت خصوصیات پیدا کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہاکی جیسے قومی کھیل کے فروغ کے لیے تعلیمی اداروں میں باقاعدگی سے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد ضروری ہے تاکہ طلبہ کو اپنی صلاحیتیں دکھانے اور آگے بڑھنے کے بہتر مواقع میسر آسکیں گے۔