مچھ کوئلہ کانوں میں حادثات کی روک تھام اور کان کنوں کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے مائنز آفس مچھ سے مائنز انسپکٹر مچھ قربان علی عمرانی کی قیادت میں آگاہی ریلی نکالی گئی، جو مچھ کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب مچھ پہنچی
بولان ،مچھ کوئلہ کانوں میں حادثات کی روک تھام کیلئے مائنز آفس سے آگاہی ریلی

مزید خبریں
بولان ۔ 18 ستمبر (اے پی پی):مچھ کوئلہ کانوں میں حادثات کی روک تھام اور کان کنوں کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے مائنز آفس مچھ سے مائنز انسپکٹر مچھ قربان علی عمرانی کی قیادت میں آگاہی ریلی نکالی گئی، جو مچھ کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب مچھ پہنچی۔
ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر مائنز حادثات سے بچاؤ اور حفاظتی اقدامات کے حوالے سے مختلف نعرے درج تھے آگاہی ریلی میں مختلف کول مائنز کے مزدور، مالکان، منیجرز، پاکستان سنٹرل مائنز لیبر فیڈریشن کے عہدیداران، مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور دیگر نے شرکت کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مائنز انسپکٹر مچھ قربان علی عمرانی نے کہا کہ ہمارا اور آپ کا ایک جگہ اکٹھا ہونا اور اس آگاہی واک کا مقصد ایک ہی ہے کہ انسان کی جان بچائی جائے، اور اسی مقصد کیلئے اس آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بلوچستان کے دیگر مائنز علاقوں کی نسبت مچھ میں سب سے کم حادثات رپورٹ ہوئے ہیں، جہاں صرف ایک حادثہ رپورٹ ہوا ہے۔ یہ کامیابی مائنز مالکان، مزدوروں، منیجرز اور ایجنٹس کے تعاون کا نتیجہ ہے، اور امید ہے کہ آئندہ بھی مائنز آفس کے ساتھ تعاون جاری رہے گا مائنز انسپکٹر قربان علی عمرانی نے مزدوروں پر زور دیا کہ وہ اپنی زندگی اور صحت کا خیال رکھیں اور بغیر ہوائی کسی بھی کوئلہ کان کی چھت میں کام نہ کریں، جبکہ کور چھت پر کام کرنے پر مکمل پابندی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ مزدوروں کو مکمل سیفٹی کی سہولیات فراہم کی جائیں، جس کیلئے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ سیفٹی کے حوالے سے چار کیسز اس وقت زیر سماعت ہیں انہوں نے مزدوروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کور اور بغیر ہوائی چھت میں ہرگز کام نہ کریں، کیونکہ آپ کی زندگی سے زیادہ قیمتی کچھ نہیں۔ ایسے خطرناک چھتوں کے حوالے سے مائنز آفس کو اطلاع دیں، آپ کے نام کو صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دکی، شاہرگ اور کوئٹہ میں پیش آنے والے حادثات کی وجوہات میں بھی یہی خطرناک چھتیں شامل تھیں ریلی سے الیکٹرک انسپکٹر مچھ محمد عارف عمرانی، جونیئر مائنز انسپکٹر محمد اسامہ، پاکستان سنٹرل مائنز لیبر فیڈریشن کے رہنماء محمد شاکر سمالانی، ریسکیو کرومین محمد حنیف ساتکزئی شاہ نواز کول مائنز مچھ کے شکیل احمد یوسفزئی، نصیر احمد سمالانی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے مائنز حادثات کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے مزدوروں پر زور دیا کہ وہ کام کے دوران اپنی جان و صحت کا خیال رکھیں اور حفاظتی اصولوں پر سختی سے عمل کریں۔








