ایڈیلیڈ ۔16دسمبر (اے پی پی):انگلینڈ اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے کھلاڑی کل (بدھ )سے شروع ہونے والے ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوران بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں گے جبکہ ایڈیلیڈ اوول میں آسٹریلیا کا قومی پرچم سرنگوں رکھا جائے گا۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ خراجِ عقیدت سڈنی کے بونڈی بیچ پر ہونے والی فائرنگ کے متاثرین کے لیے پیش کیا جائے گا،گزشتہ اتوار کی …
بونڈی فائرنگ کے متاثرین سے اظہارِ یکجہتی،ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں کھلاڑی سیاہ پٹیاں باندکر کھیلیں گے

مزید خبریں
ایڈیلیڈ ۔16دسمبر (اے پی پی):انگلینڈ اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے کھلاڑی کل (بدھ )سے شروع ہونے والے ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوران بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں گے جبکہ ایڈیلیڈ اوول میں آسٹریلیا کا قومی پرچم سرنگوں رکھا جائے گا۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ خراجِ عقیدت سڈنی کے بونڈی بیچ پر ہونے والی فائرنگ کے متاثرین کے لیے پیش کیا جائے گا،گزشتہ اتوار کی شب دو مسلح افراد نے بونڈی بیچ پر فائرنگ کر کے 15 افراد کو ہلاک اور درجنوں کو زخمی کر دیا تھا۔
حکام کے مطابق حملہ آوروں نے ہنوکا کی تقریب میں شریک سڈنی کی یہودی برادری کو نشانہ بنایا تھا۔کرکٹ آسٹریلیا (سی اے )اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی)نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ان کے خیالات اور دعائیں متاثرین، ان کے اہلِ خانہ، دوستوں، یہودی برادری اور آسٹریلیا کے عوام کے ساتھ ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ہم اس انتہائی دلخراش وقت میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ آسٹریلوی ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ ان کا دل متاثرین، ان کے خاندانوں، بونڈی کے عوام اور یہودی برادری کے ساتھ ہے، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر ممکن ہو تو خون کا عطیہ دیں۔کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق بدھ کو ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کے آغاز پر معروف آسٹریلوی لوک گلوکار جان ولیم سن بھی خراجِ عقیدت پیش کریں گے ۔جان ولیم سن میچ شروع ہونے سے قبل اپنا مشہور گیت “ٹرو بلیو” پیش کریں گے۔ یہ پیشکش ایک منٹ کی خاموشی کے بعد اور مقامی روایتی استقبالیہ (ویلکم ٹو کنٹری) کے ساتھ ساتھ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے قومی ترانوں سے پہلے ہوگی۔
کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ نے کہا کہ یہ تمام آسٹریلوی عوام کے لیے ایک المناک وقت ہے اور کرکٹ کی دنیا کے تمام افراد کے خیالات اس افسوسناک واقعے کے متاثرین اور یہودی برادری کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ایسے مواقع پر کھیل غیر اہم محسوس ہوتا ہے لیکن یہ موقع لاکھوں افراد کو یکجا کر کے اظہارِ تعزیت اور غور و فکر کا پیغام دینے کا ذریعہ بھی بن سکتا ہے۔ واضح رہے کہ پانچ میچوں پر مشتمل سیریز میں آسٹریلیا کو مہمان انگلینڈ کے خلاف 0-2 کی برتری حاصل ہے۔








