صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بچوں کے تحفظ اور ملک کے ہر حصے تک پولیو ویکسین کی رسائی یقینی بنانے کے لیے تمام فریقین کا تعاون ناگزیر ہے ۔انہوں نے یہ بات ورلڈ پولیو ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی جو 24 اکتوبر کو منایا جا رہا ہے۔ صدر مملکت نے اس دن کے موقع پرتمام پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ پولیو سے …
بچوں کے تحفظ اور ملک کے ہر حصے تک پولیو ویکسین کی رسائی یقینی بنانے کے لیے تمام فریقین کا تعاون ناگزیر ہے، صدر مملکت آصف علی زرداری کا ورلڈ پولیو ڈے پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بچوں کے تحفظ اور ملک کے ہر حصے تک پولیو ویکسین کی رسائی یقینی بنانے کے لیے تمام فریقین کا تعاون ناگزیر ہے ۔انہوں نے یہ بات ورلڈ پولیو ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی جو 24 اکتوبر کو منایا جا رہا ہے۔ صدر مملکت نے اس دن کے موقع پرتمام پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ پولیو سے پاک پاکستان کے ہدف کے حصول کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں کیونکہ ہر بچے کو اس قابلِ تدارک مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے حکومت، صحت کے کارکنوں، والدین اور معاشرے کی مسلسل مشترکہ کاوشیں ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پولیو کے خاتمے کی جانب نمایاں پیش رفت کی ہے۔ ملک میں پولیو کے کیسز کی تعداد میں 99.8 فیصد تک کمی آئی ہے جو 1990ء کی دہائی کے اوائل میں سالانہ اندازاً 20 ہزار کیسز سے کم ہو کر 2025ء میں 31 اور 2026ء میں اب تک پانچ رہ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت حکومت، فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز ، والدین، مقامی آبادیوں اور ترقیاتی شراکت داروں کی مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے۔ بچوں کے تحفظ اور ملک کے ہر حصے تک پولیو ویکسین کی رسائی یقینی بنانے کے لیے ان تمام فریقین کا تعاون ناگزیر ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں کی ایک طویل تاریخ ہے۔
1994ء میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے ملک گیر پولیو ویکسینیشن مہم کا آغاز کیا اور اپنی صاحبزادی بی بی آصفہ بھٹو زرداری کو خود پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے۔ انہوں نے ملک بھر میں خدمات انجام دینے والے چار لاکھ سے زائد فرنٹ لائن پولیو ورکرز کو خراجِ تحسین پیش کیا جن میں 60 فیصد خواتین ہیں۔ صدر نے کہا کہ ان کارکنوں کی لگن اور جرات پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ انہیں ہر بچے تک پہنچنے کے لیے بھرپور معاونت فراہم کی جانی چاہیے، بالخصوص ان بچوں تک جو ویکسینیشن مہمات کے دوران رہ جاتے ہیں۔ صدر مملکت نے تمام والدین اور بچوں کی دیکھ بھال کرنے والوں پر زور دیا کہ وہ پولیو کی ہر مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو پولیو سے بچائو کے لئے تجویز کردہ قطرے ضرور پلوائیں۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے اور ویکسین کے ذریعے بیماریوں سے بچانےوالے معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات کو بھی ترجیح دی جانی چاہیے۔انہوں نے کمیونٹی نمائندوں، مذہبی و سیاسی رہنمائوں، سول سوسائٹی، ذرائع ابلاغ اور ترقیاتی شراکت داروں سے اپیل کی کہ وہ پولیو کے خاتمے کی کوششوں کی حمایت جاری رکھیں اور والدین کو اپنے بچوں کی ویکسینیشن یقینی بنانے کی ترغیب دیں۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان میں ہر بچے کو پولیو سے محفوظ بنانے اور پولیو سے پاک مستقبل کا ہدف حاصل کرنے تک ان کوششوں کو جاری رکھنا ہوگا۔







