بچوں کے تحفظ سے متعلق عالمی کانفرنس ISPCAN 2026 میں پاکستان کی مؤثر اور بھرپور نمائندگی

بچوں کے تحفظ سے متعلق عالمی کانفرنس ISPCAN 2026 میں پاکستان کی مؤثر اور بھرپور نمائندگی

میلبورن۔27اگست (اے پی پی):بچوں کے تحفظ سے متعلق عالمی سطح کی کانفرنس ISPCAN 2026 میں پاکستان نے مؤثر اور بھرپور نمائندگی کی۔ کانفرنس میں پاکستانی وفد نے شرکت کرتے ہوئے بچوں کے حقوق کے تحفظ، چائلڈ پروٹیکشن کے نظام اور عالمی سطح پر رائج بہترین عملی طریقۂ کار کا جائزہ لیا۔پاکستانی وفد میں چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب سارہ احمد ، سیکرٹری انسانی حقوق عبدالخالق شیخ اور ڈائریکٹر انسانی حقوق ڈاکٹر عارف شامل تھے۔

جمعرات کو چائلڈپروٹیکشن اینڈویلفیئربیورو پنجاب کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستانی وفد نے بچوں کے حقوق، تحفظ کے مؤثر طریقۂ کار اور بچوں کو درپیش مسائل سے نمٹنے کے لیے ادارہ جاتی اقدامات سے متعلق عالمی سطح پر ہونے والے مکالمے میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

کانفرنس کے دوران پاکستانی وفد نے بچوں کے تحفظ کے شعبے سے وابستہ عالمی ماہرین سے ملاقاتیں کیں اور بچوں کے تحفظ کے مؤثر نظام، بین الاقوامی ماڈلز اور بہترین عملی طریقۂ کار کا جائزہ لیا۔ ملاقاتوں میں بچوں کے تحفظ سے متعلق عالمی چیلنجز، مؤثر ادارہ جاتی نظام اور بین الاقوامی تجربات سے استفادے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب سارہ احمد نے کہا کہ وزیراعظم اور حکومت پاکستان ملک بھر میں بچوں کے حقوق کے مؤثر تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مؤثر قانون سازی، مضبوط ادارہ جاتی نظام اور بچوں کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی تجربات اور بہترین عملی طریقۂ کار سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے چائلڈ پروٹیکشن نظام کو مزید مضبوط بنا رہا ہے۔

سارہ احمد نے کہا کہ ISPCAN 2026 میں شرکت سے جدید طریقۂ کار، بین الاقوامی بہترین عملی تجربات اور باہمی تعاون کے ایسے نظام سے آگاہی حاصل ہوئی جو پاکستان میں بچوں کے تحفظ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے عالمی سطح پر بھی فعال کردار ادا کر رہا ہے جبکہ عالمی کانفرنس میں شرکت محفوظ، مؤثر اور مضبوط چائلڈ پروٹیکشن نظام کے قیام کے لیے پاکستان کے عزم کی عکاس ہے۔

سیکرٹری انسانی حقوق عبدالخالق شیخ اور ڈائریکٹر انسانی حقوق ڈاکٹر عارف نے بھی کانفرنس کے دوران عالمی ماہرین سے ملاقاتیں کیں اور بچوں کے حقوق کے تحفظ اور مؤثر چائلڈ پروٹیکشن میکانزم کو مضبوط بنانے کے لیے عالمی تعاون اور تجربات کے تبادلے کی اہمیت پر زور دیا

مزید خبریں