بھارتی غرور خاک میں ملانے والے تاریخی معر کہ حق نے دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستانی قوم اپنے دفاع پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی،عاطف اکرام شیخ
بھارتی غرور خاک میں ملانے والے تاریخی معر کہ حق نے دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستانی قوم اپنے دفاع پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی،عاطف اکرام شیخ

مزید خبریں
اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری عاطف اکرام شیخ نے معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارتی غرور خاک میں ملانے والے تاریخی معرکے کو ایک سال مکمل ہو گیا ہے، جس نے دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستانی قوم اپنے دفاع پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔انہوں نے معرکۂ حق کے شہداء، غازیوں اور پاک فوج کے جوانوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس معرکے کی کامیابی پاکستان کی عسکری اور قومی طاقت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ معرکۂ حق کی فتح نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا اور پوری قوم اپنے ہیروز کو سلام پیش کرتی ہے۔عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ اتحاد، ایمان اور قربانی کے جذبے سے پاکستان نے تاریخ ساز کامیابی حاصل کی، جبکہ آج کا دن قومی عزم اور یکجہتی کی تجدید کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں بہادر سپوتوں نے پاکستان کو جو بلندییوں کی معراج تک پہنچایا ہے آج ملک سفارتی اور عالمی سطح پر اس کے ثمرات سمیٹ رہا ہے۔صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ معرکۂ حق کی فتح کے بعد اب “معرکۂ معیشت” جیتنا قومی ترجیح بن چکا ہے۔
ان کے مطابق جس جذبے سے قوم نے معرکۂ حق میں کامیابی حاصل کی، اسی اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ معاشی میدان میں بھی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن ملک کی معیشت کو کمزور دیکھنا چاہتے ہیں، اس لیے قوم کو معاشی استحکام کے لیے متحد ہونا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی خودمختاری کے بغیر قومی خودمختاری ادھوری ہے اور مضبوط دفاع کے ساتھ مضبوط معیشت ہی روشن مستقبل کی ضمانت بن سکتی ہے۔عاطف اکرام شیخ نے مزید کہا کہ افواجِ پاکستان نے سرحدوں کا دفاع کیا، اب پوری قوم کو معیشت کے استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو معاشی طاقت بنانا ہی شہداء کی قربانیوں کا حقیقی احترام ہے، جبکہ قومی اتحاد، پالیسیوں کے تسلسل اور کاروباری آسانیوں کے ذریعے معاشی جنگ بھی جیتی جا سکتی ہے۔








