بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گوراو اَہلووالیا دفتر خارجہ طلب’ 18جنوری کو قابض بھارتی افواج کی جانب سے ایل اوسی کے کوٹ کوٹیرا سیکٹرز میں جنگ بندی کی بلااشتعال خلاف ورزیوں کی مذمت

اسلام آباد ۔ 18 جنوری (اے پی پی) ڈائریکٹر جنرل (جنوبی ایشیاء و سارک) زاہد حفیظ چوہدری نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گوراو اَہلووالیا کو ہفتہ کودفتر خارجہ طلب کیا اور 18جنوری کو قابض بھارتی افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل اوسی) کے کوٹ کوٹیرا سیکٹرز میں جنگ بندی کی بلااشتعال خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔ بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں جگول پال گاؤں کی …

اسلام آباد ۔ 18 جنوری (اے پی پی) ڈائریکٹر جنرل (جنوبی ایشیاء و سارک) زاہد حفیظ چوہدری نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گوراو اَہلووالیا کو ہفتہ کودفتر خارجہ طلب کیا اور 18جنوری کو قابض بھارتی افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل اوسی) کے کوٹ کوٹیرا سیکٹرز میں جنگ بندی کی بلااشتعال خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔ بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں جگول پال گاؤں کی رہائشی چھتیس سالہ بے گناہ خاتون شمیم بیگم زوجہ راجہ ساجد شدید زخمی ہوئیں۔قابض بھارتی افواج ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری کی مسلسل خلاف ورزیاں کرتے ہوئے آرٹلری، بھاری اور خودکار ہتھیاروں کے ذریعے عام شہری آبادیوں کو نشانہ بنارہی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ شہری آبادیوں کو دانستہ نشانہ بنانا انتہائی قابل افسوس، انسانی عظمت ووقار، عالمی انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قوانین کے صریحاً منافی ہے۔ بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی ان خلاف ورزیوں سے علاقائی امن و سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں جس کا نتیجہ سٹریٹجک غلطی کی صورت نکل سکتا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل (جنوبی ایشیاء وسارک) نے بھارت پر زوردیا کہ دوہزار تین کے جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے، جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے ان واقعات کی تحقیقات کرائے، بھارتی فوج کو جنگ بندی کے احترام کا حکم دے، ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر اس کی روح کے مطابق امن برقرار رکھے۔ انہوںنے زوردیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق بھارت اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین (یواین ایم او جی آئی پی)کو اپنا کردارادا کرنے کی اجازت دے۔